دہشت گردوں کو کرارا جواب، پاکستان کی افغانستان میں فضائی کارروائی،ٹھکانے تباہ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان کا دہشت گردوں کو کرارا جواب، افغانستان میں فضائی کارروائی، حافظ گل بہادر گروپ اور کالعدم ٹی ٹی پی کے ٹھکانے تباہ کردئیے،دفتر خارجہ نے تصدیق کردی۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان نے افغانستان میں موجود دہشت گردوں کیخلاف خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا ،کالعدم ٹی ٹی پی اور حافظ گل بہادر کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا،افغانستان کے اندر فضائی کارروائیاںسرحدی علاقوں میں انٹیلی جنس بنیاد پر کی گئیں،ترجمان دفتر خارجہ نے کہاہدف حافظ گل بہادر گروپ سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد تھے، گل بہادر گروپ کالعدم ٹی ٹی پی کےساتھ ملکر پاکستان کے اندر متعدد دہشت گرد حملوں کا ذمہ دار ہے، دہشت گردوں کے حملے میں سینکڑوں شہری و قانون نافذ کرنےوالے اہلکاروں کی شہادتیں ہوئیں، تازہ ترین حملہ 16 مارچ کو میر علی میں سکیورٹی پوسٹ پر ہوا، حملے میں 7پاکستانی فوجیوں کی جانیں گئیں۔

دفتر خارجہ نے کہا پاکستان افغان عوام کا بہت احترام کرتا ہے،افغانستان میں اقتدار میں موجود بعض عناصر کالعدم ٹی ٹی پی کو پاکستان کےخلاف بطور پراکسی استعمال کر رہے ہیں،عناصر معصوم پاکستانیوں کا خون بہانے والے خوارج دہشت گردوں کا ساتھ دینے کی پالیسی پر نظر ثانی کریں،2سالوں کے دوران متعدد بار افغانستان کے اندر کالعدم ٹی ٹی پی سمیت دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی پر عبوری افغان حکومت کو اپنے سنگین تحفظات سے آگاہ کیا،دہشت گرد ملکی سلامتی کےلئے سنگین خطرہ اورپاکستانی حدود میں دہشت گردحملوں کےلئے مسلسل افغان سرزمین کا استعمال کرتے رہے ہیں۔

ترجمان نے کہابرادر ملک کےخلاف اس طرح کا رویہ کم نظری کو ظاہر کرتا ہے،گزشتہ کئی دہائیوں میں افغان عوام کےلئے پاکستان کی حمایت کو نظر انداز کیا گیا ،پاکستانی عوام کےساتھ کھڑے ہونے کا واضح انتخاب کریں،کالعدم ٹی ٹی پی جیسے دہشت گرد گروہ علاقائی امن و سلامتی کےلئے اجتماعی خطرہ ہیں، کالعدم ٹی ٹی پی سے لاحق خطرے کا مقابلہ کرنے میں افغان حکام کو درپیش چیلنج کا بخوبی ادراک رکھتے ہیں۔

دفتر خارجہ نے کہا پاکستان دہشت گردی کےخلاف مشترکہ حل تلاش اورکسی بھی دہشت گرد تنظیم کو دوطرفہ تعلقات سبوتاژ کرنے سے روکنے کےلئے کام جاری رکھے گا،پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کےلئے بات چیت ،تعاون کو ترجیح دی ، بارہا افغان حکام پر زور دیاٹھوس و موثر کارروائی کریں تاکہ افغان سرزمین پاکستان کےخلاف دہشت گردی کےلئے استعمال نہ ہونے پائے، افغانستان سے کالعدم ٹی ٹی پی کو محفوظ پناہ گاہیں نہ دینے اورکالعدم ٹی ٹی پی کی قیادت پاکستان کے حوالے کرنے کامطالبہ بھی کیا۔