اسلام آباد: (بیورورپورٹ)سنی اتحاد کونسل سے مخصوص نشستیں چھن گئیں،الیکشن کمیشن نے فیصلہ سنادیا۔
ای سی پی نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے مخصوص نشستوں کے حصول کےلئے سنی اتحاد کونسل کی درخواست مسترد کردی،فیصلہ متفقہ طور پر سنایا گیا، مخصوص نشستیں دیگر سیاسی جماعتوں کو دینے کے فیصلے سے ممبر پنجاب بابر حسن بھروانہ نے اختلاف کیا۔
الیکشن کمیشن نے تحریری فیصلے میں کہابروقت ترجیحی فہرستیں جمع نہ کرانے کے باعث سنی اتحاد کونسل خواتین و اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے کوٹے کی مستحق نہیں،الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کی ترجیحاتی فہرست جمع کرانے میں 2 دن کی توسیع کی تھی، سنی اتحاد کونسل نے انتخابات سے قبل خواتین کی مخصوص نشستوں کی فہرست نہیں دی جو لازم تھی، مخصوص نشستوں کی فہرست انتخابات سے قبل جمع کرانا قانونی ضرورت ہے ،سنی اتحاد کونسل کا بروقت مخصوص نشستوں کی فہرستیں مہیا نہ کرنا قانونی نقص ہے۔
فیصلے میں کہا گیاسنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے انتخابی نشان کے باوجود آزاد حیثیت سے الیکشن لڑا اور سنی اتحادکونسل نے تصدیق کی امیدواروں نے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑا،آئین میں واضح ہے جوسیاسی جماعتیں نشستیں جیت کرآئیں گی وہ مخصوص نشستوں کی مستحق ہوں گی، سپریم کورٹ نے فیصلہ دیافہرست میں تبدیلی کی جاسکتی ہے نہ مدت مکمل ہونے پر نئی جمع کرائی جاسکتی ہے۔
الیکشن کمیشن نے فیصلے میں مزید کہا لاہورہائیکورٹ نے فیصلہ دیاجماعتیں مقررہ مدت میں فہرست جمع کرائیں جس میں تبدیلی نہیں ہوسکتی، آئین میں واضح ہے نشست انتقال، استعفیٰ یا نااہلی کے باعث خالی ہو تو فہرست میں موجود اگلا شخص جگہ لے سکتاہے، آئین میں درج ہے اگر فہرست مکمل ہوجائے تو نیا نام جمع کرایا جاسکتا ہے۔
ای سی پی نے ن لیگ، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، جے یو آئی کی درخواستیں منظور کرلیں اور فیصلے میں کہا اسمبلیوں کی مخصوص نشستیں خالی نہیں رکھی جا سکتیں،دیگر جماعتوں میں سیٹوں کے تناسب سے تقسیم کی جائیں گی۔
ممبر ای سی پنجاب بابر حسن بھروانہ نے اختلافی نوٹ میں کہا چاروں ممبران سے اتفاق کرتا ہوںنشستیں سنی اتحاد کونسل کو نہیں دی جاسکتیں مگر باقی سیاسی جماعتوں میںتقسیم کے فیصلے سے اختلاف ہے،آئین کے آرٹیکل 51اور 106کے تحت نشستیں خالی رکھی جائیں۔
اختلافی نوٹ میں کہا گیا آرٹیکل 106واضح ہے ہر سیاسی جماعت کو حاصل شدہ جنرل نشستوں کے مطابق مخصوص نشستیں ملیں گی،نشستیں تب تک خالی رکھی جائیں جب تک آئین کے آرٹیکل 51اور 106میں ترمیم نہیں ہوجاتی۔
ای سی پی فیصلے کے بعد سنی اتحاد کونسل قومی وصوبائی اسمبلیوں کی 77مخصوص نشستوں سے محروم ہوگئی،خواتین واقلیتوں کی نشستیں شامل ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی نے فیصلے کیخلاف عدالت جانے کااعلان کردیا،سینٹ میں تقریرکرتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر نے کہافیصلہ جمہوریت کے دل پر آخری خنجر ہے،الیکشن کمیشن پر آرٹیکل 6 لگنا چاہئے،جمہوریت کےخلاف غیر آئینی فیصلہ برداشت نہیں،عدالت جائیں گے، پورا الیکشن کمیشن فی الفور مستعفی ہو۔
علی ظفر نے مطالبہ کیا صدارتی ،سینٹ الیکشن ملتوی کیا جائے اگر سپریم کورٹ کا فیصلہ آجاتا ہے تو پھر سارے الیکشن کو ریورس کرنا پڑے گا،چیف الیکشن کمشنر کو ایک منٹ بھی عہدے پر نہیں رہنا چاہیے، فیصلے کے بعد صدارتی و سینٹ کے الیکشن منظور نہیں ہوں گے۔
شعیب شاہین نے کہاعدالت جائیں گے، الیکشن کمیشن کا فیصلہ آئین و قانون کےخلاف ہے،الیکشن کمیشن کی نیت درست ہے نہ فیصلہ ،ہائی کورٹ سے ریلیف ملے گا، سپریم کورٹ جانے کا بھی حق رکھتے ہیں،سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا الیکشن کمیشن نے توقعات کے مطابق مخصوص نشستوں پر بھی اپنی جانبداری ثابت کر دی،عدالت سے اپنا حق لیں گے۔
سنی اتحاد کونسل سے مخصوص نشستیں چھن گئیں،فیصلہ جمہوریت کے دل پر آخری خنجر،عدالت جائینگے،پی ٹی آئی

















