اچکزئی کے گھر چھاپے کیخلاف پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا احتجاج،مظاہرے

کوئٹہ،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)محمود اچکزئی کے گھر پولیس چھاپے کیخلاف پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا احتجاج،مظاہرے،سیاسی جماعتوں نے بھی اقدام کی مذمت کردی،پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی جانب سے احتجاجی مظاہروں میں شدید نعرے بازی کی گئی۔

پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل عبدالرحیم زیارتوال نے کہا پولیس کی بھاری نفری نے محمود اچکزئی کے گھر پر چھاپہ مارا، کسی مجسٹریٹ کے بغیر مارے گئے چھاپے میں چادر و چاردیواری کی پامالی کی گئی،منفی کارروائیوں سے پارٹی و قیادت کو مرعوب نہیں کیا جاسکتا۔

ادھر پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ اور صدارتی امیدوار محموداچکزئی نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا پارلیمنٹ کی بالا دستی کی بات کرنے کی پاداش میں گھر پر چھاپہ مارا گیا،کوئی جذباتی تقریر کرنی ہے نہ کسی کو بے عزت کرنا ہے، گھر پر 15 سال سے لڑائی ٹھونس دی،200 افراد مرے،ملک ایک جماعت سے نہیں چلے گا، ملک کو بحران سے نکالنا ہے تو آئیے مل کر بیٹھیں، پارلیمنٹ میں جاسوسی اداروں کا کوئی کردار نہیں ہوگا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے محمود اچکزئی کے گھر چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے کہا وزیراعظم اور وزیراعلیٰ تحقیقات کرائیں، صدارتی الیکشن کو متنازع بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہاصدارتی امیدوار محمود اچکزئی کی رہائشگاہ پر چھاپے ، چادر اور چار دیواری کے تقدس کی پامالی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،علی خان نے کہا گھر پر چھاپہ مار کر گارڈز کو اٹھایا گیا، سیاسی اختلاف ہو سکتا ہے لیکن منفی ہتھکنڈوں سے اجتناب کرنا چاہیے۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا محمود اچکزئی کے گھر چھاپہ آئین کی بالادستی کی بات کا ردعمل ہے، آئین قومی اسمبلی فلور پر تقاریر کو آئینی تحفظ فراہم کرتا ہے،منتخب کردہ نمائندے کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانا پارلیمان کی توہین ہے، الیکشن کمیشن کے متعصب روئیے سے قانون پامال کرنے والے دندناتے پھر رہے ہیں،پی ٹی آئی ترجمان نے کہاگھر پر چھاپے کا فوری نوٹس لیا جائے اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے،ترجمان جے یوآئی نے کہا محمود اچکزئی کے گھر پر پولیس چھاپہ افسوسناک و قابل مذمت ہے۔