ہیلتھ سسٹم میں مرحلہ وار اصلاحات ،ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کاپلان منظور

لاہور: (اپنے رپورٹر سے،ہیلتھ رپورٹر)وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پنجاب کے ہیلتھ سسٹم میں مرحلہ وار اصلاحات کی منظوری دےدی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت 3گھنٹے طویل خصوصی اجلاس میںہیلتھ سسٹم کی تشکیل نو،محکمہ صحت کی اپ گریڈیشن کے 5سالہ پلان پر غور و سسٹم کی اصلاح کا جائزہ ،دیہی و رورل مراکز صحت، ڈسپنسریوں کے انتظام کی بہتری کےلئے تجاویز ،ماں،بچے کی صحت اور معیاری علاج کے امور کا جائزہ لیاگیا،مریم نواز نے ہدایت کی کوئی ہسپتال ایسا نہ ہو جہاں ڈاکٹر، عملہ ادویات اور مطلوبہ طبی آلات میسر نہ ہوں،وزیراعلیٰ نے شفافیت یقینی بنانے کےلئے ہیلتھ ایڈوائزری کونسل تشکیل دینے کا حکم دےدیا،ہیلتھ ایڈوائزری کونسل میں سرکاری حکام،پروفیشنلز اور عوامی نمائندے شامل ہوں گے۔

مریم نوازنے بی ایچ یو ،آر ایچ سی کی اپ گریڈیشن اور تعمیر وبحالی کا پلان بھی طلب کر لیا،وزیراعلیٰ نے بی ایچ یو اور آر ایچ سی کا بیرونی و اندرونی ڈیزائن یکساں رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو 2ہفتے میں بی ایچ یو اور آر ایچ سی کے موک ڈیزائن پیش کریں ،ہسپتالوں میں عوام کی رہنمائی کےلئے اردو سائن بورڈز اور فرشی ایرو لائننگ لگائی جائے،اجلاس میںعوام کو مفت ادویات کی فوری فراہمی یقینی بنانے کی منظوری بھی دی گئی،صحت کی سہولتیں دہلیز تک پہنچانے کےلئے فیلڈ ہسپتال پراجیکٹ کا پلان طلب کر لیاگیا، فیلڈ ہسپتال پراجیکٹ کے تحت سب اربن ایریا ،دیہات میں مقررہ ایام پر موبائل ہیلتھ یونٹ بھیجیں جائیں گے،موبائل ہیلتھ یونٹ میں میڈیکل افسر،ایل ایچ وی،ڈسپنسر و دیگر سٹاف کے علاوہ ضروری طبی آلات ہوں گے،عوام کو صحت کی سہولتیں دہلیز پر دینے کےلئے پائلٹ پراجیکٹ لاہور سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے ہسپتالوں کو عوامی ضروریات کا تعین کرکے طبی آلات فراہم ،نومولود بچوں کےلئے انکو بیٹر کی کمی ترجیحی بنیادوں پر پوری کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاپنجاب کے ہر شہری کےلئے علاج کی بہتر سہولتیں یقینی بنانا میرا عزم ہے،بورڈ آف مینجمنٹ میں میرٹ پربہترین پروفیشنل و ٹیکنیکل ممبر شامل کئے جائیں گے،ہر ہسپتال میں خالصتا میرٹ پر ایم ایس لگائے جائیں گے،کرپشن پر زیر وٹالرنس ہے،غریب آدمی کو کینسر کے علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کےلئے خصوصی ہسپتال قائم کیا جائے گا،محکمہ صحت میں عوام کی آگاہی و ہیلتھ سکریننگ کو ترجیح دی جائے۔

دریں اثناوزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے بلوچ کلچر ڈ ے پربلوچ بھائیوں اور بہنوں کو مبارکباددیتے ہوئے کہابلوچستان خوبصورت لوگوں کی خوبصورت دھرتی ہے،بلوچی ثقافت دنیا بھر میں اپنا منفرد مقام رکھتی ہے،بلوچستان کی ترقی اصل میں پاکستان کی ترقی ہے،پاکستان کی دیگر ثقافتوں کی طرح بلوچ کلچر میں بھی محبت و حب الوطنی کے خدوخال نمایاں ہیں۔

مزید برآں مریم نوازنے پنجاب کے مختلف شہروں میں پتنگ بازی اور ڈور سے زخمی ہونے کے واقعا ت کا سخت نوٹس لیکر رپورٹ طلب کرلی،وزیراعلیٰ نے شہریوں سے بھی اپیل کی انسانی جانوںکا احساس کریں،عوامی جان ومال کے حق کو تفریح کے حق پر قربان نہیں کیاجاسکتا۔