کے پی میں بارش ،برفباری سے تباہی،بچوں سمیت25جاں بحق،متعدد زخمی

پشاور،گوادر،راولپنڈی: (بیورورپورٹ)کے پی میں بارش،برفباری سے تباہی،بچوں سمیت25 افراد جاں بحق،متعدد زخمی ہوگئے۔

وقفے وقفے سے ہونےوالی بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آنے سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا،بالائی علاقوں میں برف باری نے علاقوں کا رابطہ دیگر سے منقطع کردیا۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے مطابق بارشوں ،برفباری سے 14 بچوں سمیت 25افراد جاں بحق اورمتعدد زخمی ہوگئے،درجنوں مکانات کو نقصان پہنچا،ادھر سوات ،چترال میں شدید برف باری کے باعث سکول اور لواری ٹنل کو بند کر دیا گیا۔

کالام، اوشوو، مانکیال،پیشمال سمیت دیگر بالائی علاقوں کے 96 تعلیمی اداروںمیں 9مارچ تک چھٹیاں دےدی گئیں،تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ برف باری کی وجہ سے شدید سردی اور راستے بند ہونے سے اساتذہ،طلبہ کو مشکلات کے پیش نظر کیا گیا۔

دوسری جانب پاک فوج کاگوادر میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے ، 48 گھنٹوں میں متاثرہ علاقوں کے خاندانوں کو خوراک، پانی، دوائیں اور بستریں فراہم کرنے کے بعد محفوظ کیمپوں میں منتقل کردیا گیا،میڈیکل کیمپوں میں1500سے زائدمریضوں کاعلاج اورمتاثرہ خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا۔