توہین عدالت کیس:ڈی سی اسلام آباد6،ایس ایس پی آپریشنز کو4ماہ قید
اسلام آباد (بیورورپورٹ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین عدالت کیس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو 6 ماہ قید کی سزا سنانے کےساتھ جرمانہ بھی عائد کر دیا،اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی کی گرفتاری کےلئے ایم پی او آرڈر جاری کرنے پر ڈی سی اسلام آباد اور دیگر کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے سزا سنا دی،عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے سزاو¿ں کو ایک ماہ کےلئے معطل کرتے ہوئے اپیل دائر کرنے کا موقع دیا اور کہا کہ وزیراعظم تحقیقات کرائیں کہ کیا ڈپٹی کمشنرز نے کسی غیر قانونی حکم کی بنیاد پر ایم پی او آرڈرز کو شہریوں کے بنیادی حقوق کو پامال اور عدلیہ کے وقار کو مجروح کرنے کیلئے استعمال کیا؟، عدالت نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کو 6 ماہ قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ، ایس ایس پی آپریشنز فاروق بٹر کو 4 ماہ قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ جبکہ ایس ایچ او تھانہ مارگلہ ناصر منظور کو 2 ماہ قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا فیصلہ سنایا،عدالت نے ایس پی فاروق بٹر کےخلاف توہین عدالت کا نوٹس ڈسچارج کر دیا، عدالت نے سزائیں مختصر ہونے پر 30 روز کےلئے معطل کر دیں اور ڈویژنبنچ کے سامنے انٹراکورٹ اپیل دائر کرنے کا موقع دیا،عدالت نے کہا اگر اپیل میں سزا معطل نہ ہوئی تو 30 روز مکمل ہونے پر ڈپٹی کمشنر ، ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایچ او کو گرفتار کر کے اڈیالہ جیل بھجوایا جائے،عدالت نے فیصلے کی کاپی وزیراعظم کو بھجوانے کی ہدایت کرتے ہوئے لکھا اس بات کی تحقیقات کی ضرورت ہے کہ کیا ایم پی او کے تحت نظربندی احکامات کےلئے کوئی پالیسی موجود تھی؟کیا ایم پی او آرڈرز آئین، قانون اور عدالتی احکامات کےخلاف منظم انداز میں جاری کیے گئے؟ وزیراعظم تحقیقات کرائیں کیا ایم پی او آرڈر کسی غیر قانونی احکامات کی بنیاد پر جاری کیے گئے؟ کیا ایم پی او آرڈرز کو شہریوں کے بنیادی حقوق کو پامال اور عدلیہ کے وقار کو مجروح کرنے کےلئے استعمال کیاگیا؟ اگر ایسا ہے تومناسب اقدامات کر کے یقینی بنائیں کہ ریاست کو منتخب عوامی نمائندوں کے ذریعے چلایا جائے۔
















