صدر کا انتخاب9مارچ کو ہوگا، شیڈول کا اعلان، سینٹ کی6نشستوں پر 14تاریخ کو پولنگ

اسلام آباد (بیورورپورٹ ) الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخاب 2024 کے شیڈول کی منظوری دےدی،الیکشن کمیشن کے مطابق صدارتی انتخاب کےلئے پولنگ 9 مارچ کو ہوگی ،اس حوالے سے کاغذات نامزدگی آج دن 12 بجے تک جمع کرائے جاسکتے ہیں،الیکشن شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 4 مارچ کو صبح 10 بجے ہوگی جبکہ کاغذات نامزدگی 5 مارچ دوپہر 12 بجے تک واپس لیے جا سکیں گے،الیکشن کمیشن کے مطابق صدارت کے امیدواروں کی فہرست 5 مارچ کوایک بجے شائع کی جائے گی اور 9 مارچ کو صدارتی الیکشن ہو گا،صدارتی انتخاب کیلئے پولنگ 9مارچ صبح 10سے شام 4بجے تک ہوگی،شیڈول کے مطابق صدارتی الیکشن کےلئے پولنگ پارلیمنٹ ہاوس اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہو گی، آئین کے مطابق صدارتی انتخاب کا ریٹرننگ افسر چیف الیکشن کمشنر ہوتا ہے جبکہ الیکشن کمیشن نے سینٹ کی 6 خالی جنرل نشستوں پر انتخابات کے شیڈول کا اعلان کردیا، سینٹ کے ضمنی انتخابات کیلئے اسلام آباد کی ایک، سندھ کی 2 اور بلوچستان کی 3 خالی نشستوں پر پولنگ 14 مارچ کو ہوگی ، اس سلسلے میں کاغذات نامزدگی3 مارچ تک جمع کرائے جاسکتے ہیں،شیڈول کے مطابق ضمنی انتخابات کیلئے سکروٹنی 5مارچ کو ہوگی، امیدوار 10مارچ تک کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں،سینٹ کے ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ14مارچ کو صبح نو سے شام چار بجے تک ہوگی مزید برآں سینٹ کی 6 نشستوں پر انتخابات کےلئے الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کی تقرری کر دی،اسلام آباد میں سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن ظفر اقبال ریٹرننگ افسر ہوں گے، سندھ کی دو نشستوں کیلئے صوبائی الیکشن کمشنر شریف اللہ ریٹرننگ افسر ہوں گے،بلوچستان کی تین نشستوں کیلئے صوبائی الیکشن کمشنر محمد فرید آفریدی ریٹرننگ افسر کے فرائض سرانجام دیں گے، سینیٹ کی خالی نشستوں پر انتخابات کے لیے پولنگ 14 مارچ کو کروائی جائے گی،سینیٹ ارکان کے دیگر ایوانوں کے رکن منتخب ہونے پر 6 نشستیں خالی قرار دی گئی تھیں، اسلام آباد کی ایک، سندھ کی دو، بلوچستان کی تین خالی نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔