اسلام آباد (بیورو رپورٹ) او آئی سی کے جھنڈے تلے اہم مسلم ممالک کا ایک دفد اسرائیلی وزیر اعظم سے فوری جنگ بندی کیلئے بات کرے۔ سعودی عرب،ترکی، ملائیشیا، انڈونیشیا، ایران، قطر،مصر ، پاکستان جیسے اہم ممالک کو کلیدی کردار ادا کرنا ہو گا۔ یہ بات وزیر مذہبی امور انیق احمد نے فلسطینی سفیر احمد ربیع سے ملاقات کے دوران کہی۔ دونوں رہنماﺅں کے مابین باہمی دلچسپی کے امور اور فلسطین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر مذہبی امور نے کہا کہ پاکستان اور فلسطین کے مابین بھائی چارے پر مبنی تعلقات ہیں، پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔انہوںنے کہاکہ پاکستان فلسطینی تحریک کی سب سے پہلے حمایت کرنے والا ملک ہے اور ہمیشہ کرتا رہیگا۔انہوںنے کہاکہ مسلم امہ متحد ہو کر مسئلہ فلسطین کے حل تک پہنچ سکتی ہے،او آئی سی کے جھنڈے تلے اہم مسلم ممالک کا ایک وفد اسرائیلی وزیر اعظم سے فوری جنگ بندی کیلئے بات کرے۔ سعودی عرب، ترکی، ملائیشیا، انڈونیشیا، ایران، قطر، مصر، پاکستان جیسے اہم ممالک کو کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ امت کے تصور کی بحالی کیلئے ملکر کام کرنا ہوگا، تمام بڑے اسلامی ممالک کے حکمرانوں کو بیت اللہ کے سامنے عہد کرنا ہو گا۔ پاکستان میں تعینات فلسطینی سفیر احمد ربیع نے کہا کہ پاکستان کے لوگوں کی فلسطین سے محبت پاکستان بننے سے پہلی کی ہے، اسرائیلی جارحیت کے تناظر میں فلسطین کی حمایت اور یکجہتی پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والوں میں 70 فیصد بچے اور خواتین ہیں جن کی تعداد 21 ہزار سے زائد ہے۔ انہوںنے کہاکہ غزہ میں20 ہزار سے زائد عمارتوں کو اسرائیلی قابض افواج نے مسمار کردیا ہے۔
او آئی سی ممالک اسرائیلی وزیر اعظم سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کریں: انیق احمد
















