ڈیمز بنا کر بارشی پانی کو ضائع ہونے سے بچایا جائے:مریم نواز

راولپنڈی،اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ،خبر نگار)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازپہلے دورہ راولپنڈی کے دوران دودوچھہ ڈیم سائٹ پہنچ گئیں اور ڈیم سائٹ کی تعمیراتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا،ایف ڈبلیو او حکام نے وزیراعلی مریم نواز کو دودوچھہ ڈیم پر بریفنگ دی اور بتایا دودچھہ ڈیم پراجیکٹ پر دوبارہ کام نومبر 2023 سے شروع کیا گیا ، دودوچھہ ڈیم کےلئے سپل وے پر پانی کے اخراج کا عمل جاری ہے، عدالت کے فیصلے کی روشنی میں زمین کی قیمت کے ازسر نو تعین کےلئے ریوائزڈ پی سی ون اورسائٹ پر بھی کام تیزی سے جاری ہے، اب تک کی فنانشل پراگریس 40 فیصد اور فزیکل پراگریس 12 فیصد ہے،راولپنڈی سے 25 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع دودوچھہ ڈیم کی تعمیر کےلئے راولپنڈی و کلرسیداں کے علاقے کی کل 16194 کنال 14 مرلہ زمین حاصل کی گئی، ڈیم کی اونچائی 123 فٹ،لمبائی 737 فٹ اورکیچ منٹ ایریا 129 مربع میل ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دودوچھہ ڈیم کی تکمیل کےلئے نومبر 2025 کی ڈیڈ لائن مقرر کردی،وزیراعلیٰ نے کہا دودوچھہ ڈیم سائٹ پر اضافی مشینری و ورک فورس لگا کر مختلف سیکشنز پر کام شروع کرایا جائے،پاکستان آنے والے دنوں میں پانی کی شدید قلت کا شکار ہونے والے ملکوں میں سرفہرست ہے، زیادہ سے زیادہ ڈیمز بنا کر بارشی پانی کو ضائع ہونے سے بچایا جائے ۔

دریں اثنا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دسمبر تک راولپنڈی رنگ روڈ ورک مکمل کرنے کا حکم دیدیا،وزیر اعلیٰ نے تراھیا کے مقام پر راولپنڈی رنگ روڈپراجیکٹ کادورہ کیا، مریم نواز کو نیسپاک، پی ایم یو اور ایف ڈبلیو او حکام نے راولپنڈی رنگ روڈپراجیکٹ پر پیش رفت پر بریفنگ دی، مریم نواز نے کہا رنگ روڈ پراجیکٹ راولپنڈی عوام کی آمدورفت میں آسانی کےلئے ناگزیر ہے، راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ پر بننے والے انڈسٹریل زونز راولپنڈی کےلئے گیم چینجر ثابت ہوں گے، انڈسٹریل زونز بننے سے مقامی لوگوں کو روزگار ملے گا،راولپنڈی رنگ روڈکی تکمیل کےلئے 2 سال کا وقت مقرر ہے، ڈیڈلائن سے قبل مکمل کرنے کےلئے ہر ممکن کو شش کی جائے گی،عوامی فلاح کے اہم ترین منصوبے کی تکمیل میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے،رنگ روڈ پراجیکٹ پر دن رات کام جاری،مقرر کردہ مدت سے پہلے مکمل کریں گے، راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ میں تعمیراتی معیار ہر صورت یقینی بنا یا جائیگا،کوالٹی پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، راولپنڈی رنگ روڈ انٹر چینج کے نام متعلقہ گاوں کے نام سے منسوب کیے جائیں ۔

علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے قو می اسمبلی پہنچنے پر پارٹی قائد نواز شریف سے ملاقات کی،قائد نواز شریف نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کو گلے لگا کر پیار کیا، پارٹی قائد نواز شریف نے پیار سے سر پردست شفقت رکھا ، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پارٹی صدر شہباز شریف، اسحاق ڈار،حمزہ شہباز سے بھی ملاقات کی، قومی اسمبلی میں مہمانوں کی گیلری میں وزیر اعلیٰ مریم نواز سے پیپلز پارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو سے پرتپاک ملاقات کی اور خیریت دریافت کی۔