مریم نواز کا وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہونا اراکین کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے: پرویزاشرف

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے مریم نواز کو وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ محترمہ مریم نواز کا بطور وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہونا ان پر اراکین پنجاب اسمبلی کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔اپنے بیان میں راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ مریم نواز پاکستان کی پارلیمانی تاریخ میں پہلی خاتون وزیر اعلیٰ منتخب ہوئی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مریم نواز ایک انتہائی قابل، زیرک اور متحرک سیاسی رہنما ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت صوبہ پنجاب کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریگی۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ مریم نواز کا انتخاب صوبہ پنجاب کی عوام کی فلاح وبہبود اور خوشحالی کیلئے نیک شگون ثابت ہو گا۔ انہوںنے نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔