اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے بھٹو پھانسی کیس میںریمارکس دئیے اتنے تفصیلی فیصلے سے لگتا ہے فیصلہ دینے والے ججز خود بھی متفق نہیں تھے۔
ذوالفقار بھٹو ریفرنس پر سماعت جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 9 رکنی بنچ نے کی،عدالتی معاون خالد جاوید خان نے دلائل دئیے،چیف جسٹس نے کہا بھٹو کیس تاریخ کا وہ واحد فوجداری فیصلہ جو 935 طویل صفحات پر مشتمل ہے، کیا کبھی اس بھی طویل فوجداری فیصلہ لکھا گیا ہے تو بتائیں،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا اتنے تفصیلی فیصلے سے لگتا ہے فیصلہ دینے والے ججز خود بھی متفق نہیں تھے،چیف جسٹس نے کہا آپ دیگر معاونین کے برعکس کچھ کہنا چاہتے ہیں تو بتا دیں۔
عدالتی معاون سابق اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے کہا تحریری طور پر بھی معروضات پیش کردیں، سابق وزیر اعظم ذوالفقاربھٹو کیس کا ٹرائل شفاف انداز میں نہیں چلایا گیا، سپریم کورٹ میں بھٹو کیس کا ٹرائل دوبارہ نہیں کھولا جاسکتا، سپریم کورٹ اس حد تک ضرور قرار دے سکتی ہے کیس غلط طریقے سے چلایا گیا۔
جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دئیے سپریم کورٹ بھٹو کیس کے میرٹ پر نہیں جا سکتی ،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاسپریم کورٹ صدارتی ریفرنس پر رائے دینے کی پابند ہے،خالد جاوید خان نے کہا سیاسی مقاصد کے علاوہ دیگر معاملات پر عدالت رائے دینے کی پابند ہے، جسٹس منصور نے کہا میرے خیال میں عدالت بھٹو کیس میں صرف ٹرائل شفاف ہونے کی حد تک دیکھ سکتی ہے،عدالتی معاون نے دلائل میں کہا لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس آفتاب نے تو کہہ دیا ذوالفقار بھٹو اچھے مسلمان نہیں تھے، سپریم کورٹ نے کہا اس میں کچھ غلط نہیں ۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا عدالت نے یہ بھی کہا؟ کہاں لکھا ہوا ہے؟،جسٹس منصور علی شاہ نے کہا عدالتی ریکارڈ پر ایسا مواد دکھائیں جس سے ثابت ہو ججز پر دباو¿ تھا یا تعصب پر فیصلہ کیا گیا، ایسے میں تو کہا جائےگا ہر کیس کھولا جائے، عدالتی معاون خالد جاوید خان نے کہااگر عدلیہ آزاد ہوتی تو بھٹو کو پھانسی نہ ہوتی، بھٹو اپیل پر سپریم کورٹ میں جس عدالتی بنچ نے کیس سنا اس میں ایڈہاک ججز بھی تھے،اٹارنی جنرل نے کہا9 رکنی بنچ نے کیس سنا، بعد میں 7 رہ گئے، جسٹس منصور علی شاہ نے کہا حال ہی میں انتخابات کیس 9 رکنی بنچ نے شروع کیا پھر 6 رہ گئے تھے۔
جسٹس امین الدین خان نے کہا نسیم حسن شاہ ایڈہاک جج کے طور پر کیس کیسے سن سکتے تھے؟،عدالتی معاون نے کہامختلف دور میں رہ رہے ہیں اس وقت ہزاروں لوگ جیلوں میں ڈالے گئے، پھانسیاں دی گئیں،ملک میں بدترین مارشل لا تھا،ملٹری کورٹس کے ذریعے لوگوں کو سزائیں دی جاتی رہیں، صحافیوں کو کوڑے مارے گئے، میرے والدین کو بھی فوجی عدالتی عدالت سے سزائیں دی گئیں اس وقت ساز باز کرکے چیف جسٹس بنے، جب بھٹو کو پھانسی دی گئی اس وقت کے حالات کو مدنظر رکھنا ضروری ہے، ایگزیکٹو کا عدلیہ پر شدید دباو¿ تھا۔
جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دئیے مختلف اختیار سماعت کے تحت کیس کو سن رہے ہیں، جسٹس سردار طارق مسعود نے کہا کسی عدالتی فیصلے کو کالعدم قرار دئیے بغیر کیسے تعصب کا جائزہ لے سکتے ہیں، کیا ٹرائل کورٹ، سپریم کورٹ اور نظرثانی فیصلوں کو کالعدم قرار دے دیں؟، فیصلوں کو کالعدم قرار دئیے بغیر کیسے آگے بڑھ سکتے ہیں؟،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے اگر عدالت غلطی کرے تو اسلام کیا کہتا ہے،سمت کو ٹھیک کرنا چاہیے، جسٹس منصور علی شاہ نے کہا سپریم کورٹ کے ججز آزاد نہیں تھے مواد دکھا دیں، مارشل لا نافذ تھا یہ کافی نہیں، عدالتی معاون نے کہا ریفرنس میں پوچھا گیا عدالتی فیصلہ درست تھا یا نہیں،ملزم کو نوٹس دئیے بغیر ہائیکورٹ کو بھٹو ریفرنس منتقل کر دیا گیا، میں نے مختلف ممالک کی مثالیں پیش کی ہیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے ہمارے ہاں ایسی مثال نہیں اگر پارلیمنٹ کوئی قانون بنانا چاہے تو بنا سکتی ہے،پارلیمنٹ کو کوئی قانون بنانے کی ہدایت نہیں دے سکتے،عدالتی معاون نے کہا جسٹس اطہر من اللہ کے تحریر کردہ ایک فیصلے میں کہا گیا بھٹو کو پھانسی دینے کا فیصلہ درست نہیں تھا، جسٹس منصور علی شاہ نے کہا تو پھر ڈکلیئریشن آگیا،دوسرے عدالتی معاون بیرسٹر صلاح الدین نے کہا صدر نے ریفرنس میں محض سوال پوچھا ہے بھٹو کو سزا کا فیصلہ قانونی طور پر درست ہے یا نہیں،دوسرا سزا کا فیصلہ کسی تعصب کی بنیاد پر دیا گیا،چیف جسٹس نے کہا آپ تعصب والے معاملے پر ایک پہلو نظر انداز کیوں کر رہے ہیں؟ ہو سکتا ہے سوچا گیا ہو سزا نہ دی تو کل پراسیکیوٹر بن کر ہم پر آرٹیکل 6 نہ لگا دے،چیزیں بھٹو فیصلے میں نہیں مگر تاریخ کا حصہ ہیں۔
عدالتی معاون نے کہا یقیناً کچھ چیزیں تاریخ کا حصہ ہیں، مشکل مگر یہ ہے اس دور کے کون سے فیصلے برقرار رکھے جائیں کون سے ختم کیے جائیں، چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے آپ کی مشکل میں حل کر دیتاہوں ہمارے سامنے ایک ہی ریفرنس ہے، عدالتی معاون نے کہا تشویش یہ ہے پھر مزید کیسز کھولنے کا راستہ نکلے گا،جسٹس منصور علی شاہ نے کہاآپ کاکہنا ہے جج آزاد نہیں تھا اس لیے انصاف کا خون ہوا، عدالتی معاون نے کہا جی میرا یہی مو¿قف ہے،نسیم حسن شاہ نے کتاب میں لکھاجسٹس مشتاق حسین چیف جسٹس پنجاب اور اٹارنی جنرل شریف الدین پیرزادہ مجھے ملنے آئے، دونوں نے مجھے اپیل میں بیٹھنے کا کہا، جسٹس نسیم حسن شاہ پنجاب ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کیخلاف تعصب کی درخواست سن رہے تھے،عدالتی معاون نے کہاچیف جسٹس ہائیکورٹ خود فیصلہ دے کر سپریم کورٹ کے جج کو کہہ رہاہے آپ اس کےخلاف اپیل سنو۔
چیف جسٹس نے کہا یہ تو چیف جسٹس ہائیکورٹ کا بہت نامناسب اقدام تھا،نسیم حسن شاہ کے بطور ایڈہاک جج بیٹھنے سے زیادہ بڑا معاملہ ہے، عدالتی معاون نے کہاجی، معاملہ تب سامنے آجاتا تو لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ صرف اسی بنیاد پر کالعدم ہو جاتا،چیف جسٹس نے کہا جج کے سامنے 2ہی سوال ہوتے ہیں جرم ہوا یا نہیں، جج آپس میں بھی یہی طے کرتے ہیں جرم ثابت ہوتا ہے یا نہیں، سزائے موت پرآپ کی رائے کیا ہے؟ ، عدالتی معاون نے جواب دیا سزائے موت تب ہی دی جانی چاہیے جب تمام جج متفق ہوں،جسٹس نسیم حسن شاہ نے کہا ہم سے تو کسی نے نہیں کہا یوں کرو، ساتھ ہی کہا ہو سکتا ہے وہ چیف جسٹس سے بات کرتے ہوں پھر کہا ہو سکتا ہے وہ ہم سے بھی ان ڈائریکٹ کہتے ہوں یوں کر لیں تو بہتر ہے۔
جسٹس قاضی فائز نے استفسار کیا ان ڈائریکٹ کہنا کیا ہوتا ہے؟ ،عدالتی معاون نے کہا میں تو ان کی باتیں ہی پوائنٹ آوٹ کر رہا ہوں،نسیم حسن شاہ انٹرویو میں مانا چیف جسٹس کو بھٹو سے دشمنی ہو گئی تھی، نسیم حسن شاہ نے کہا سزا کم ہو سکتی تھی مگر بھٹو کے وکیل نے ناراض کر دیا تھا،کیا سزائے موت کے کیس میں جج کو وکیل کے طرز عمل پر سزا سنانی چاہیے؟،چیف جسٹس نے کہا وکیل کے کنڈکٹ کی سزا کلائنٹ کو نہیں دی جا سکتی،بعد ازاں عدالت نے بھٹو ریفرنس پر سماعت آج تک کےلئے ملتوی کردی۔
بھٹو پھانسی کیس، لگتا ہے فیصلہ دینے والے ججز خود بھی متفق نہیں تھے،سپریم کورٹ
















