پی ٹی آئی نے بہکایا،چیف جسٹس کانام لینے کامقصد نفرت بھڑکانا تھا،سابق کمشنر

راولپنڈی :(بیورورپورٹ)سابق کمشنر راولپنڈی کایوٹرن،پی ٹی آئی کے بہکانے پر دھاندلی کا بیان دیا،چیف جسٹس کانام لینے کامقصد عوام میں نفرت بھڑکانا تھا،تمام الزامات جھوٹ ہیں،قوم سے معافی مانگتا ہوں،لیاقت چٹھہ نے انکوائری کمیٹی میں پیش ہوکر بیان ریکارڈ کرادیا۔

الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے اپنے بیان میں سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ نے کہا سیاسی جماعت(پی ٹی آئی) کے بہکانے پر دھاندلی کابیان دیا، میرا بیان صریحاً غیر ذمہ دارانہ عمل و غلط بیانی تھی،بہت شرمندگی ہے، قوم سے معافی چاہتا ہوں۔

لیاقت چٹھہ نے کہا9 مارچ کو ریٹائر ہو رہا تھا، مستقبل و سرکاری مراعات چھوٹنے سے پریشان تھا، سیاسی جماعت کے عہدیدار کے کہنے پر ایسا عمل کیا، عہدیدار 9 مئی واقعات میں ملوث ہونے پر مفرورمیرا رابطہ رہتا تھا، میں سیاسی جماعت کے عہدیدار کی خفیہ مدد بھی کرتا رہا، 11فروری کو خفیہ طور پر لاہور جا کررہنما سے ملا۔

سابق کمشنر نے کہاسیاسی جماعت کے رہنما نے مجھے الیکشن دھاندلی زدہ ثابت کرنے کے منصوبے پرکام کرنے کا کہا، صلے میں مستقبل میں اعلیٰ عہدے کا وعدہ کیاگیا، پہلے میں نے مشورہ دیا استعفیٰ دوںپھردھاندلی کا الزام لگانے کی بات شامل ہو لیکن استعفے کا زیادہ اثر نہ ہونے کے پیش نظر جذباتی ،ڈرامے سے بھرپور پریس کانفرنس کا فیصلہ کیا،عہدیدار کے مطابق منصوبے کو سیاسی جماعت کی اعلیٰ قیادت کی بھرپور حمایت تھی، سیاسی رہنما کے مطابق اعلیٰ قیادت کی ہدایت پر منصوبہ ترتیب دیا ، چیف جسٹس کا نام جان بوجھ کرشامل کیا ،مقصد عوام میں نفرت بھڑکانا تھا، پی ایس ایل کی پریس کانفرنس کا بہانہ بنا کر بھرپور ڈرامہ کیا، منصوبے کے مطابق خودکشی اور پھانسی پر لٹکا دو جیسے جذباتی جملے بولے۔

لیاقت چٹھہ نے کہامجھے کبھی بھی بشمول الیکشن کمیشن کسی نے دھاندلی کی کوئی ہدایت نہیں دی، کوئی بھی آر او ایسے کسی عمل میں ملوث نہیں تھا، اپنے کیے پر بہت شرمندہ ہوں، پوری قوم بالخصوص تمام سرکاری ملازمین سے معافی کا درخواست گزار ہوں، پنجاب میں پچھلے 32 سال سے سول سروس میں خدمات انجام دے رہا ہوں، میری آخری تعیناتی راولپنڈی میں چیف کمشنر کے طور پر تھی،تمام تر ذمہ داری قبول کرتے ہوئے خود کو حکام کے آگے سرنڈر کرتا ہوں۔