حکومت سازی کیلئے نوازشریف کی آج آصف زرداری اور فضل الرحمن سے ملاقات متوقع

لاہور (مشرق نیوز) انتخابی نتائج کے بعد سیاسی پنڈتوں نے رابطے تیز کر دیئے، مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کی قیادت متحرک ہوگئی۔ سابق صدر آصف علی زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف کے درمیان آج اہم ملاقات متوقع ہے جس میں حکومت سازی سے متعلق تبادلہ خیال کیا جائیگا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز آصف زرداری اور نوازشریف کی جاتی امرا میں ہونے والی ملاقات ملتوی ہوگئی تھی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی آج چودھری شجاعت حسین سے انکی رہائشگاہ ظہور الٰہی روڈ پر ملاقات کا بھی امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران نواز شریف صدر مسلم لیگ (ق) چودھری شجاعت حسین سے وفاق اور پنجاب میں حکومت سازی کیلئے تعاون کی درخواست کریں گے۔