اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور: (بیورو رپورٹ+ رپورٹنگ ٹیم) قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار 93 سیٹوں کےساتھ نمبرون، مسلم لیگ (ن) 75، پیپلز پارٹی 54 نشستوں کےساتھ تیسرے نمبر پر براجمان، الیکشن کمیشن نے ملک بھر کے 852 قومی و صوبائی اسمبلیوں حلقوں کے غیرحتمی نتائج کا اعلان کردیا۔
قومی اسمبلی کی 264 جنرل نشستوں کے غیرحتمی نتائج جاری کئے گئے، این اے 8 میں امیدوار کے انتقال کے باعث الیکشن ملتوی جبکہ این اے 88 کے نتائج کو روکدیا گیا، 264 نشستوں میں آزاد امیدوار 101 نشستیں لےکر سب سے آگے ہیں۔
پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 93، 8 دیگر شامل ہیں، مسلم لیگ (ن) 75، پیپلز پارٹی 54، ایم کیو ایم 17، جے یوآئی 4، (ق) لیگ نے 3 نشستوں پر کامیابی سمیٹی۔ آئی پی پی، بی این پی 2،2، ایم ڈبلیو ایم، مسلم لیگ (ضیا)، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کو ایک ایک سیٹ ملی۔
پنجاب اسمبلی کی 297 میں سے 296 نشستوں کے غیرحتمی نتائج جاری کئے، رحیم یارخان کے پی پی 266 پر الیکشن ملتوی کئے گئے، 296 میں سے 138 نشستوں پر آزاد امیدواروں نے میدان مار لیا، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 112 باقی دیگر آزاد شامل ہیں۔ مسلم لیگ (ن) 137 کےساتھ صوبائی اسمبلی میں اکثریتی جماعت بن گئی۔
غیرحتمی نتائج کے مطابق پی پی 10، (ق) لیگ 8، تحریک لبیک، مسلم لیگ (ضیا) اور استحکام پاکستان پارٹی ایک، ایک نشست پر کامیاب رہیں۔
سندھ اسمبلی کی 130 میں سے 129 نشستوں کے غیرحتمی نتائج جاری کئے گئے، پی ایس 18 گھوٹکی کا نتیجہ روک لیا گیا، 15 فروری کو دوبارہ انتخابات ہوں گے، پیپلز پارٹی 84 نشستوں کےساتھ صوبے کی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری۔
ایم کیو ایم 28، آزاد امیدوار 13، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) اور جماعت اسلامی 2، 2 نشستوں پر کامیاب قرار پائیں، کے پی میں 122 نشستوںکا غیرحتمی نتیجہ جاری کیا گیا، پی کے 22 ،91 پر انتخابات ملتوی، پی کے 90 کے نتائج کو روکا گیا، آزاد امیدواروں نے 90 نشستیں جیت لیں، جے یوآئی7، مسلم لیگ (ن) 5، پی پی4، جماعت اسلامی 3، پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز 2 اور اے این پی نے ایک نشست پر کامیابی سمیٹی۔
بلوچستان اسمبلی کی تمام 51 نشستوں کے غیرحتمی نتائج جاری کردئیے گئے، پیپلزپارٹی ،جے یوآئی 11، 11، مسلم لیگ (ن) 10 نشستوں پر کامیاب رہی، آزاد امیدوار 6، بلوچستان عوامی پارٹی 4، نیشنل پارٹی 3، عوامی نیشنل پارٹی 2، بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل)، بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی)، جماعت اسلامی اور حق دو تحریک کا ایک ایک امیدوار کامیاب ہوا۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسروں کو قومی و صوبائی اسمبلی کے متعدد حلقوں پر امیدواروں کی کامیابی کے حتمی نوٹیفکیشنز جاری کرنے سے روکدیا۔ نتیجہ چیلنج کرنے والوں میں نوازشریف بھی شامل ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے این اے 48 میں نتائج کی مبینہ تبدیلی پر سماعت کی،علی بخاری کے وکیل نے دلائل دئیے علی بخاری فارم 45کے مطابق کامیاب ہوئے، ریٹرننگ افسر نے استدعا کے برعکس فارم 47جاری کر کے 50ہزار کی لیڈ کو ختم کردیا،الیکشن کمیشن نے استحکام پاکستان پارٹی کے نامزد کامیاب آزاد امیدوار راجہ خرم نواز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ریٹرننگ افسر کو اسلام آباد سے این اے 47، 48کے حتمی نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روکدیا۔
پی کے 73، پی کے79، 80 اور پی کے82 کے بھی نتائج کےخلاف سماعت ہوئی، الیکشن کمیشن نے حلقوں میں ریٹرننگ افسروں کو حتمی نتائج جاری کرنے سے روکدیا، پی کے 79سے تیمور سلیم ،پی کے82سے کامران بنگش نے نتائج کو چیلنج کیا ،علاوہ ازیں الیکشن کمیشن میں این اے 28، این اے 49 اٹک ، این اے 50 اٹک، این اے 55 راولپنڈی، این اے 63 ،این اے 65 ،این اے 15 مانسہرہ، پی بی 1، پی پی 11، پی پی 20 ، پی پی 14 ،پی پی 16 ، پی پی 31، پی پی 33، پی پی 59 کے نتائج چیلنج کردئیے گئے۔
الیکشن کمیشن نے ملک بھر سے قومی کی 11 ،صوبائی اسمبلی کی 18 نشستوں پر آر اوز کو حتمی نتائج سے روکدیا،بلوچستان کے2حلقے این اے 253 ور پی بی 9 کوہلو بھی شامل ہیں، صوبائی الیکشن کمیشن کو مراسلہ ارسال کردیا گیا۔
مزید برآں چونیاں کے حلقہ این اے 133 پر دوبارہ گنتی کی رانا اسحاق خان کی درخواست منظور کرلی گئی،پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار عظیم الدین زاہد لکھوی کو آج دوپہر 12 بجے کا نوٹس جاری کر دیا گیا،مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر کی این اے 121 لاہور پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کردی گئی، ریٹرننگ افسر نے کہا الیکشن والے دن یا اگلے روز کوئی شکایت کرنے نہیں آیا ، اب وقت گزر گیا۔
وفاق، پنجاب، کے پی میں آزاد امیدوار سب سے آگے، الیکشن کمیشن نے متعدد حلقوں کے حتمی نتائج روک دئیے
















