اسلام آباد (مشرق نیوز) ہفتے کے روز جاری کردہ پریس ریلیز میں وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ مختلف ممالک اور تنظیموں کی جانب سے پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات سے متعلق بیانات دئیے گئے۔
پریس ریلیز کے مطابق ہم حیران ہیں کہ ان بیانات میں منفی تاثر دیا جارہا ہے، یہ افراد انتخابی عمل کی پیچیدگی کو نہیں جانتے، یہ بیانات اس ناقابل تردید حقیقت کو نظر انداز کرتے ہیں کہ پاکستان نے عام انتخابات پرامن اور کامیابی کے ساتھ کروائے۔ وزارت خارجہ کے مطابق انتخابات کے دوران پاکستان سنگین سکیورٹی خطرات سے نمٹا ہے۔
پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ان کی جانب سے دئیے گئے کچھ بیانات حقیقت پر مبنی بھی نہیں تھے، پولنگ کے روز پاکستان میں انٹرنیٹ کی بندش نہیں تھی، صرف موبائل سروس دہشت گردی کے واقعات سے بچنے کیلئے بند کی گئی تھی۔
امریکہ، برطانیہ اور یورپی یونین کی طرف سے انتخابات بارے منفی تاثر غلط ہے: وزارت خارجہ
















