الیکشن سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے افغانستان اور ایران کیساتھ بارڈر ز بند

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان نے الیکشن سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے افغانستان اور ایران کیساتھ بارڈر ز بند کردئیے۔

ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس( ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہاعام انتخابات کے دوران مکمل سکیورٹی یقینی بنانے کےلئے افغانستان ،ایران کےساتھ سرحدی گزرگاہیں کارگو ،پیدل چلنے والوں کےلئے بند رہیں گی،عام انتخابات کا عمل مکمل ہونے کے بعد 9 فروری کوایران ،افغانستان کیساتھ بارڈرز پر معمول کی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہو جائیں گی ۔

دریں اثنا پاکستان نے اقوام متحدہ کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہاہے انتخابی عمل میں کسی بھی شکایت کی صورت میں داخلی قانونی حل موجود ہیں، انتخابی قوانین کے مطابق 8 فروری کو انتخابات کےلئے سکیورٹی پلانز کو حتمی شکل دی گئی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہاپاکستان جامع جمہوری عمل کو فروغ دینے ،قانون کی حکمرانی ،انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کے تحفظ کےلئے پوری طرح پرعزم ہے،عدالتی نظام مقدمات کی منصفانہ سماعت اور مناسب عمل فراہم کرتا ہے۔