انتخابات میں کسی بھی جگہ قانون کو ہاتھ میں نہیں لینے دیا جائیگا: وزیر داخلہ

اسلام آباد (مشرق نیوز) نگراں وزیر داخلہ گوہر اعجاز نے کہا کہ 48 گھنٹوں میں الیکشن ہونے جا رہا ہے اور کسی بھی جگہ قانون کو ہاتھ میں نہیں لینے دیا جائیگا، تمام امیدواروں کے درمیان تناو نہیں ہے۔ نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ ابھی تک کسی جگہ موبائل یا انٹرنیٹ سروس بند کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا، سیکیورٹی حالات کے پیش نظر کسی ضلع یا صوبے کی درخواست آئی تو سروس بند کرنے پر غور کیا جائے گا۔

گوہر اعجاز نے کہا کہ ہر پولنگ سٹیشن پر 7 سے 8 سیکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے، حساس پولنگ سٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی ہوگی، ایک لاکھ 37 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار عوام کی حفاظت کیلئے تعینات کئے گئے ہیں۔ نگراں وزیر داخلہ نے کہا کہ یقین ہے کہ انتخابات پر امن ہوں گے، مجموعی طور پر انتخابات کی سکیورٹی کیلئے ساڑھے 6 لاکھ سے زائد وفاقی اور صوبائی سکیورٹی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمیں ان فورسز سے خطرہ جو پاکستان کو مستحکم نہیں دیکھنا چاہتے، باجوڑ واقعہ کے پیچھے اصل مقصد صرف ہمیں ڈرانا تھا۔ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ پاکستان کا نام اور عزت ہمارے میڈیا کے ہاتھ میں ہے، یہ 25 کروڑ لوگوں کی امانت میڈیا کے پاس ہے۔ حکومت نے 5 ماہ اور 18 دن محنت سے کام کیا ہے، اس الیکشن میں آپ اپنی ایمانداری سے ووٹ دیں۔

نگراں وزیر داخلہ نے کہا کہ جہاں جہاں سی سی ٹی وی موجود ہے ہم نے لگائے ہیں، ہمارے پاس 90 ہزار 777 پولنگ اسٹیشن ہیں، 40 ہزار پولنگ اسٹشن نارمل پولنگ سٹیشن ہیں لیکن یہاں پر بھی سکیورٹی تعینات ہے۔ 16 ہزار 786 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس ہیں جبکہ وفاقی حکومت کے 135 حساس پولنگ سٹیشن ہیں۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پچھلے سال 17 اگست 2023 کو کابینہ کے حلف اٹھانے کے بعد اگلے روز پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے ہی انتخابات کرانے ہیں۔