جارحیت کابھرپور طاقت سے جواب دینگے ،آرمی چیف بھارت دوبارہ آزمانا چاہتاہے تو تیار ہیں،وزیراعظم

راولپنڈی، مظفر آباد، اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سربراہ پاک فوج جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہر قسم کے خطرے سے بخوبی واقف ہیں، ملکی خودمختاری کی خلاف ورزی اور کسی بھی جارحیت پر بھرپور قومی عزم اور فوجی طاقت کےساتھ جواب دینگے، اپنے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مظفر آباد آزاد کشمیر کا دورہ کیا، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر بھی ساتھ تھے، یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی، عظیم قربانیاں دینے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

آرمی چیف ساریان سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کےساتھ اگلے مورچوں پر بھی گئے، جوانوں سے ملاقاتیں کیں، لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ جنرل سید عاصم منیر نے فوجیوں کی آپریشنل تیاریوں، بلند حوصلے اور موثر ردعمل کی تعریف کی۔

اعلامیے کے مطابق سیاسی و عسکری قیادت نے کہا کہ بھارتی قابض افواج کے بے دریغ ظلم و بربریت کے سامنے کشمیریوں کا استقامت غیرمتزلزل، ایمان مثالی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں پیدا انسانی بحران سے علاقائی امن و استحکام کو شدید خطرہ ہے، پاکستان کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی جدوجہدمیں ساتھ ہے۔ وزیراعظم اور آرمی چیف نے عزم کا اظہار کیا پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل قراردادوں کی روشنی میں حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں کشمیریوں کےساتھ ہمیشہ کھڑا رہیگا۔

جنرل سید عاصم منیر نے کہا بھارت غیر قانونی انتظامی و یکطرفہ طور پر مسلط کردہ سخت قوانین کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی آبادی کو تبدیل کرنے کی کوشش کررہا ہے، سازشیں کشمیری عوام کے جائز مقاصد کے حصول کی خواہش و حق خودارادیت کی تڑپ کو دبا نہیں سکتیں، کسی بھی جارحیت یا علاقائی خودمختاری کی خلاف ورزی کا بھرپور قومی عزم و فوجی طاقت کےساتھ جواب دیا جائےگا، فوج خطرے کے مکمل سپیکٹرم سے بخوبی واقف اور مو¿ثر طریقے سے جواب دینے کےلئے ہمیشہ تیار ہے۔

آرمی چیف نے پاکستان میں بھارتی ریاست کی سرپرستی میں دہشت گردی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی دوسرے ممالک میں دہشت گردی عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، بھارتی ریاستی دہشت گردی معمول بن چکی، پاکستانی سرزمین پر شہریوں کو نشانہ بنا یاگیا،پاکستان ایسی تمام کوششوں کو بے نقاب کرتا رہیگا اور اپنے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائیگا۔ قبل ازیں آمد پر کورکمانڈر راولپنڈی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

دریں اثنا یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کشمیریوں کی حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے کےلئے پاکستان کی حمایت کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ قراردادوں اور جموں و کشمیر کے عوام کی خواہشات کے برخلاف کوئی حتمی حل مسلط نہیں کرسکتا، کشمیر میں بھارت جو کچھ کررہا ہے وہ کسی انسانی المیے سے کم نہیں، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، خونریزی پر بھارت کو جوابدہ ہونا چاہیے اور عالمی برادری بربریت کانوٹس لے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا قائداعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا، کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، پاکستانی ،کشمیری اٹوٹ رشتوں میں بندھے۔ خوشی ،غمی کے تہوار ایک ہیں اور جموں و کشمیر تنازع کے اہم فریق ہیں، کشمیر کاز کیلئے عزم پختہ ہے، خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں ہمیشہ تنازع کشمیر شامل رہناغیرمتزلزل اتفاق رائے کی عکاسی کرتا ہے، پوری دنیا میں کشمیریوں کیلئے آواز بلند کررہے ہیں، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلے کے حل کیلئے اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ بھارت مقبوضہ وادی میں ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے، کشمیر میں واحد دہشت گرد بھارت ہے، پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتے ہیں، تنازع نہیں چاہتے، پاس حملہ کرنے کی صورت میں زبردست و موثر طریقے سے جواب دینے کی قوت، صلاحیت موجود ہے، بھارت کئی بار آزما چکا اگر دوبارہ کوئی خواہش ہے تو تیار ہیں۔ بھارت کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دے، دنیا کے سامنے بھارت کا چہرہ بے نقاب کریں گے، کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

قبل ازیں وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر چودھری انوار الحق، سپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چودھری لطیف اکبرسے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا پاکستان حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیری بہن بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی مدد جاری رکھے گا، مسئلہ کشمیر کا حتمی و منصفانہ حل صرف اور صرف سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق آزاد و غیر جانبدار استصواب رائے کے تحت ممکن ہے،جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی تشویشناک و قابل مذمت ہے۔