مچھ ،کولپور میں آپریشن کلین اَپ ، 24 دہشتگردجہنم واصل،4اہلکار،2شہری شہید

راولپنڈی،کوئٹہ:(بیورورپورٹ)مچھ ،کولپور میں آپریشن کلین اَپ ، 24 دہشتگرد جہنم واصل، 4اہلکار ،2شہری شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 29 ،30 جنوری کی درمیانی رات دہشتگردوں نے بلوچستان میں مچھ ، کولپور کمپلیکس پر حملہ کیا،قانون نافذ کرنےوالے اداروں نے سخت مزاحمت کرکے حملہ آوروں کو پسپا ہونے پر مجبور کیااورعلاقے کو کلیئر و محفوظ بنانے کے بعد آپریشن کلین اَپ مکمل کرلیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق فائر فائٹ ،سینی ٹائزیشن/کلیئرنس آپریشنز کے دوران3دنوں میں24دہشتگردوں کو جہنم بھیج دیا ، ہلاک دہشتگردوں میں شہزاد بلوچ، عطا ، صلاح الدین، عبدالودود ، ذیشان ودیگر شامل ہیں۔


فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران قانون نافذ کرنےوالے اداروں کے 4 اہلکاروں نے بہادری سے لڑتے جام شہادت نوش کیا،2معصوم شہریوں نے بھی شہادت کو گلے لگا لیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کا موثر جواب دہشتگردی کےخلاف جنگ میں بے لوث عزم کا ثبوت ہے،سکیورٹی فورسز ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کےلئے قانون نافذ کرنےوالے دیگر اداروں کےساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہیں۔