مری ،گلیات میں شدید برفباری،سیاح پھنس گئے، پنجاب میں موسلا دھار بارش،لاہور میں ریکارڈ ژالہ باری،سڑکیں سفید
لاہور،مری(اپنے رپورٹر سے ،نمائندہ مشرق)مری اور گلیات میں شدید برفباری کے بعد مختلف راستوں پر بدترین ٹریفک جام سے سیاح، فیملیز اوربچے گاڑیوں میں محصور ہوکر رہ گئے،مری اور گلیات میں ڈیڑھ فٹ تک برفباری کے بعد مری ایکسپریس وےاور لوئر ٹوپہ سے سہر بگلہ تک سری نگر ہائی وے پر بدترین ٹریفک جام میں کئی گاڑیاں پھنس گئیں،شدید برفباری کے دوران ٹریفک جام میں کئی گھنٹوں سے پھنسے سیاحوں نے مری ایکسپریس وے اور سری نگر ہائی وے پر ہنگامی اقدامات کی اپیل کردی،ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مری میں بارش اور برفباری آج بھی جاری رہے گی، سیاحوں کو سہولیات فراہم کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے،ڈی سی اسلام آباد نے کہا ہے 17 میل سے مری میں مزید سیاحوں کا داخلہ بھی بند کر دیا گیا ہے،دوسری جانب لاہور، فیصل آباد، گجرات، جہلم اور منڈی بہاو¿الدین سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں تیز ہواو¿ں اور گرج چمک کےساتھ موسلا دھار بارش نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا جبکہ لاہور میں ژالہ باری بھی ہوئی،ژالہ باری کے بعد سڑکیں سفید ہو گئیں،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری سے مختلف رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں،محکمہ موسمیات نے آج بھی اسلام آباد، پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کردی ہے،ادھر سی ٹی او راولپنڈی نے شدید سردی اور برفباری کے سبب مری آنے والے سیاحوں کیلئے ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی،سی ٹی او راولپنڈی تیمور خان نے کہا ہے برفباری کے دوران سیاح گاڑی کا فیول ٹینک فل رکھیں اور اپنے ساتھ گرم لباس بھی لازمی رکھیں،ٹریفک ایڈوائزی میں کہا گیا ہے سیاح اپنی گاڑی کے ٹائر پر چین چڑھا لیں تاکہ سلپ ہونے سے بچا جا سکے اور اپنی گاڑیوں کو مناسب جگہ پارک کریں،سی ٹی او نے سیاحوں کو برفباری کے دوران روڈ پر کھڑے ہو کر سلفیاں لینے سے بھی منع کرتے ہوئے ہدایت کی سیاح برفباری کے دوران مری میں رات کا سفر کرنے سے گریز کریں۔
















