عمران سمیت تمام امیدواروں کو یکساں میڈیا کوریج دی جائے،لاہور ہائیکورٹ کاحکم

لاہور:(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان سمیت تمام امیدواروں کو یکساں میڈیا کوریج دینے کا حکم جاری کردیا،جسٹس شمس محمود مرزا نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست پر 10صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔

عدالت نے تحریری فیصلے میں کہا آئین کا آرٹیکل 17 ہر شہری کو آزادی اظہار رائے سمیت دیگر حقوق فراہم کرنے کا پابند کرتا ہے،عام انتخابات کےلئے الیکشن مہم و اپنا منشور بتانے کی تشہیر بنیادی حق ہے، صاف شفاف انتخابات کےلئے آزاد میڈیا کے ذریعے آزادی اظہار رائے ہونی چاہیے، آزادی اظہار کے بغیر انتخابات کو صاف و شفاف نہیں کہا جاسکتا،ہائیکورٹ نے تحریری فیصلے میں نواز شریف ،بینظیر بھٹو کیسز کے فیصلوں کا حوالہ بھی دیا ۔