مچھ،کولپور کمپلیکسز پر حملہ پسپا،3بمباروں سمیت9دہشتگرد ہلاک،4جوان اور2شہری شہید

مچھ، بولان،راولپنڈی، کوئٹہ، اسلام آباد: (بیورو رپورٹ)مچھ،کولپور کمپلیکسز پر حملہ پسپا،3بمباروں سمیت9دہشتگرد ہلاک،4جوان اور2شہری شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 29 ،30 جنوری کی رات مچھ ،کولپور کمپلیکسز پر خودکش بمباروں سمیت متعدد دہشتگردوں نے حملہ کیا، حملے پر علاقے میں سکیورٹی فورسز کو فوری متحرک کیاگیا ،قانون نافذ کرنےوالے اداروں نے حملے کا موثر جواب دیا،3 خودکش حملہ آوروں سمیت 9 دہشتگرد جہنم واصل ، 3 زخمی ہو گئے،فائرنگ کے تبادلے میں 4 جوانوں ،2 معصوم شہریوں نے جام شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہاقانون نافذ کرنے والے اداروں کاموثر جواب دہشتگردی کےخلاف جنگ میں بے لوث عزم کا ثبوت ہے،سکیورٹی فورسز ملک میں امن و استحکام کےلئے قانون نافذ کرنےوالے اداروں کےساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہیں۔

دوسری جانب نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا مارے گئے دہشتگرد ”را“ آپریٹڈ تھے، بھارتی میڈیا، سوشل میڈیا پروپیگنڈے کے باوجود ناپاک منصوبہ ناکام ہوگیا، پاک فوج اور فرنٹیئر کور بلوچستان کی جانب سے دہشت گرد حملے کو ناکام بنانے کےلئے فوری اقدام کو سراہتے ہیں، جرات کا مظاہرہ قابل تعریف ہے۔

دوسری جانب دہشتگردوں کے ناکام حملے میں بھی بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے ملوث ہونے کے ثبوت سامنے آگئے، بھارتی سوشل میڈیا اکاﺅنٹس کے پاس حملے کی اطلاع پہلے سے موجود تھی، ”را“ سے منسلک اکاﺅنٹس نے پہلے حملے کی خبر اپنے اکاﺅنٹس سے جاری کی، حملے کے دوران”را“ سے جڑے اکاﺅنٹس سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا بھی کرتے رہے، دریں اثنا ماہرین نے کہا بھارت”را” سے جڑے سوشل میڈیا اکاﺅنٹس کے ذریعے مسلسل پاکستان میں بدامنی، انتشار پھیلا رہا ہے، اقوام عالم کو چاہیے بھارت کی کھلم کھلا دہشت گردی کیخلاف سخت ایکشن لے۔