لاہور (ہیلتھ رپورٹر) پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کی فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں منعقدہ فیوچرہیلتھ فورم جینسز2024میں بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کامران خالد، پروفیسر ڈاکٹر بلقیس شبیر، پروفیسر ڈاکٹر نورین اکمل، انسٹا کئیر ٹیکنالوجیزسے بلال امجد، ڈائریکٹرپی آئی ٹی بی نوشین اور مختلف فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ نگران صوبائی وزیرصحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کا اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی اہم موضوع پر فیوچر ہیلتھ فورم جینسز2024 کے انعقاد پر انتظامیہ کو مبارکباد دیتا ہوں۔ پوری دنیامیں آرٹی فیشل انٹیلی جنس کو کامیابی کیلئے بنیادی جزو قرار دیا جا رہا ہے۔ پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ انسٹا کئیر ٹیکنالوجیزکوسب سے پہلے کسی ایک ادارے میں اپنا جدید سافٹ وئیرلانچ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے مریضوں کیلئے مزیدآسانیاں پیداکی جاسکتی ہیں۔صحت کے شعبہ میں آئی ٹی سلوشنزکی اشدضرورت ہے۔ ڈاکٹرزکمیونٹی کو علاج و معالجہ کے حصول کی خاطر لاکھوں روپوں مالیت کے سوفٹ ویئرز امپورٹ کرنا پڑتے ہیں۔ ہسپتالوں میں مریضوں کی سہولت کی خاطر سوفٹ ویئرڈیزائن کرنے پر انسٹا کئیر ٹیکنالوجیز کی ٹیم کو شاباش دیتے ہیں۔ دوسری طرف عدالت عالیہ کے احکامات کی روشنی میں محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی جانب سے تشکیل کردہ کمیٹی کا فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کمیٹی اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران عدالت عالیہ کے احکامات کی روشنی میں عملدرآمد کروانے کیلئے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کمیٹی ممبران نے سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہتر بنانے کیلئے عدالت عالیہ کے احکامات کا خیر مقدم کیا۔ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر حافظ شاہد لطیف نے اس حوالے سے حاضرین کو بریفنگ بھی دی۔ نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہتر بنانے کے حوالے سے عدالت عالیہ کے احکامات پر عین مطابق سو فیصد عملدرآمد کروایا جائے گا۔ عدالت عالیہ نے سرکاری ہسپتالوں کے بنیادی مسائل پر روشنی ڈالی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کیلئے کوئی مشکل نہیں آنے دیں گے۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہتر بنانے کیلئے تمام تر توانائیاں خرچ کی جا رہی ہیں۔صوبائی وزیرصحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں پرائیویٹ پریکٹس کیلئے طبی سہولیات کا جائزہ لینے کیلئے سی ای او پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پروفیسر ڈاکٹر انجم جلال کی سربراہی میں ایک ذیلی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ سب کمیٹی سرکاری ہسپتالوں میں پرائیویٹ پریکٹس کیلئے طبی سہولیات کا جائزہ لے کر حتمی سفارشات اور تجاویز پیش کریگی۔
تمام سرکاری ہسپتالوں میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس کو فروغ دیا جا رہا ہے:ڈاکٹر جاوید اکرم
















