کڑاکے کی سردی، دھند کا راج برقرار، پاکستان میں موسم سرما طویل خشک سالی سے گزر رہا ہے: محکمہ موسمیات

لاہور (کامرس رپورٹر) ملک بھر میں کڑاکے کی سردی کے ساتھ پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ میں دھند کا راج برقرار ہے جس کے باعث 24پروازیں منسوخ اور 4متبادل ایئر پورٹس پر منتقل کر دی گئیں جبکہ موٹر وے بھی مختلف مقامات سے بند رہی۔تفصیلات کے مطابق شدید دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہونے پر موٹر ویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا جس کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق ایم ٹو لاہور سے فاروق آباد، ایم تھری فیض پور سے جڑانوالہ تک ٹریفک کیلئے بند رہی ۔ایم فور فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک بند ، شدید دھند کی وجہ سے لاہور سیالکوٹ موٹر وے کو بھی ہر طرح کی ٹریفک کے لئے بند رہی ۔ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ شہری دھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دوران سفر اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں اور فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔ملک میں جمعہ کے روز بھی دھند نے ڈیرے ڈال رکھے جس کے باعث 24پروازیں منسوخ ہو گئیں جبکہ 4متبادل ایئر پورٹس منتقل کر دی گئیں۔ دوسری جانب رات گئے اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بوندا باندی سے موسم مزید سرد ہوگیا۔کھاریاں اور گردونواح میں بھی ہلکی بارش نے سردی کی شدت بڑھا دی جبکہ بالائی خیبرپختونخوا کے مختلف مقامات پر بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، وادی نیلم میں برف باری سے ہر منظر حسین ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خشک سردی کا طویل دورانیہ ختم ہونے کا امکان ہے۔دوسری طرف ماہرین موسمیات کے مطابق موسم سرما اس بار طویل خشک سردی میں گزر رہا ہے۔ماہرین موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کی زد میں ہے جس کی وجہ سے موسمی پیٹرن بھی تبدیل ہونے لگا ہے۔ماہرین موسمیات نے کہا ہے کہ موسم سرما اس بار طویل خشک سردی میں گزر رہا ہے، دسمبر کے بعد جنوری میں بھی بارشیں نہیں ہورہیں جو گرمی میں پانی کی قلت کے خدشات کو بڑھا رہا ہے، اسکے علاوہ خشک سردی اور سموگ سے نمونیہ جیسے امراض بھی شدت اختیار کررہے ہیں۔ماہرین موسمیات نے بتایا کہ اس بار غیر معمولی موسم ہے، زراعت خاص کر گندم کی کاشت بھی متاثر ہوئی ہے جبکہ رواں سال جنوری میں اب تک صرف بلوچستان میں ہلکی بارش ہوئی۔