کراچی (بیورو رپورٹ) صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے نیب کے زیر التوا کیسوں پر چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد بٹ کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی، تفصیلی اور خوشگوار ماحول میں ملاقات کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین نیب نے اصولی طور پر اس بات سے اتفاق کیا ہے کہ تاجر برادری کو سہولت فراہم کی جانی چاہیے اور ٹریڈ و انڈسٹری کوکسی صورت ہراساں نہیں کیا جانا چاہیے۔ صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب نے ہمیں بتایا ہے کہ تاجروں کے تحفظات کو دور کرنے کیلئے وہ کاروباری برادری سے متعلق زیرالتواءنیب کیسوں کا جائزہ لیں گے اور ایسے تمام مقدمات جو غلط اور غیر ضروری ہیں وہ ختم کردئیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ عمل تیزی سے مکمل ہونے کی توقع ہے اور اگلے دو ماہ کے اندر مکمل ہو جائیگا۔ واضح رہے کہ اس موقع پر نیب کے ڈائریکٹر جنرل آپریشنز حسنین احمد اور ڈائریکٹر جنرل نیب سندھ جاوید اکبر ریاض بھی موجود تھے۔ جبکہ صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ کے وفد میں سنیئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں؛نائب صدر آصف انعام، سابق سنیئر نائب صدور ایف پی سی سی آئی خالد تواب، حنیف گوہر ،مظہر علی ناصراور ڈاکٹرمرزا اختیار بیگ کے ہمراہ احمد چنائے ، مصطفی شیخانی اوردیگر ممتاز کاروباری رہنما بھی موجود تھے۔ عاطف اکرام شیخ نے مزید کہا کہ تاجر برادری معاشرے کا سب سے پرامن اور قانون کی پاسداری کرنے والا طبقہ ہے کیونکہ کاروباری، تجارتی، صنعتی،کمرشل اور اقتصادی سرگرمیوں کیلئے سازگار ماحول برقرار رکھنے کیلئے ملکی قانون کی بالادستی ضروری ہے۔ صدرایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے یہ بھی بتایا کہ چیئرمین نیب نے فیڈریشن کے وفد سے کہا کہ وہ تاجر برادری کے خلاف ہراساں کرنے یا رشوت ستانی کا کوئی بھی کیس ان کے علم میں لا سکتے ہیں؛ تاکہ وہ اس طرح کے معاملات کے حل میں کاروباری برادری کوسپورٹ کر سکیں۔چیئرمین نیب نے قومی معیشت کو رواں دواں رکھنے میں تاجر برادری کے کردار کو بھی سراہا؛جس کے ذریعے وہ ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کر رہے ہیں اورمحصولات ادا کر رہے ہیں۔
کاروباری برادری سے متعلق تمام زیرالتواءکیسوں کا جائزہ لیں گے: چیئرمین نیب

















