لاپتہ بلوچ طلبہ کی بازیابی کیلئے وفاق کو 13 فروری تک ڈیڈ لائن

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)لاپتہ بلوچ طلبہ کی بازیابی کےلئے وفاق کو13 فروری تک ڈیڈلائن، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اخترکیانی نے کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کرکے آئندہ سماعت پر تمام لاپتہ افراد کے گھر پہنچنے کی حتمی رپورٹ طلب کر لی۔

عدالت نے حکمنامے میں کہا بلوچ لاپتہ طلبہ کی بازیابی کےلئے مہلت میں 13 فروری تک توسیع کی جاتی ہے، وزیراعظم، سیکرٹری داخلہ، دفاع ،قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ابھی بیان حلفی نہیں مانگ رہے ،لاپتہ افراد بازیاب نہ ہوئے تو بیان حلفی دیں گے اورقانون کے مطابق کارروائی بھی ہو گی۔

حکمنامے میں کہا گیا اٹارنی جنرل نے جبری طور پر گمشدہ بلوچ طلبہ کی فہرست عدالت میں پیش کی، عدالت کو بتایا گیا 12 لاپتہ بلوچ طلبہ کے کیس حل طلب ہیں، وفاقی حکومت نے یقین دہانی کرائی آئندہ کسی کو اغوا یا جبری طور پر گمشدہ نہیں کیا جائے گا، اٹارنی جنرل نے یقین دہانی کرائی تمام لاپتہ افراد کو ہر صورت رہا یا بازیاب کرایا جائےگا،غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو گی،ہائیکورٹ نے کہابیانات و ایکشن ملک کے بہتر مستقبل کےلئے مثبت اشارے ہیں، سالوں سے لاپتہ متاثرہ خاندانوں کی داد رسی ہو گی۔

فیصلے میں کہا گیا سمی دین بلوچ نے بتایا والد کو لاپتہ ہوئے ایک دہائی سے زیادہ وقت گزر چکا، ٹیسٹ کیس کے طور پر معاملہ بھی اٹارنی جنرل کو ریفر کیا جاتا ہے، اٹارنی جنرل ریاستی اداروں سے سمی دین بلوچ کے والد کا پتا کریں، سمی دین بلوچ نے کہا بلوچستان میں ڈیتھ سکواڈ کے نام سے مشہور گروپ نے بھی کیمپ لگا لیا ،ایس ایچ او کوہسار نے بتایا بلوچ شہدا کی نمائندگی کرنیوالوں نے بھی دھرنے کےلئے اپنا کیمپ لگایا ہے، پولیس کے مطابق دونوں کیمپ مخالف سمتوں میں واضح باو¿نڈری لائن کیساتھ موجود ہیں، پولیس نے یقین دہانی کرائی دھرنے کے مقام پر امن و امان کی صورتحال و سکیورٹی کو یقینی بنایا جائےگا،جسٹس محسن اختر کیانی نے کہاوفاق سے آئندہ سماعت پر تمام لاپتہ افراد کے گھر پہنچنے کی حتمی رپورٹ طلب کی جائے گی۔