اسلام آباد (بیورو رپورٹ) چیئرمین پاکستان علماءکونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ امور حافظ طاہر اشرفی نے ضلع باجوڑ میں پولیوٹیم کی حفاظت پر مامورپولیس اہلکاروں پر دہشت گردانہ حملے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاشر پسند عناصر پولیو مہم کو روک نہیں سکتے۔ پاکستان دشمن قوتیں نہیں چاہتی کہ پاکستان میں پولیو کا خاتمہ ہوسکے،دشمن اپنے ناپاک ارادے میں کامیاب نہیں ہوگا اور یہ قربانیاں رنگ لائیں گی اور حکومت کی طرف سے ٹھوس اقدامات کی بدولت جلدپاکستان سے پولیو کا خاتمہ ہوگا۔حافظ طاہر اشرفی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ من حیث القوم پولیوکے بارے میں آگاہی مہم زورشور سے چلانی ہوگی۔ انہوںنے کہاکہ پولیو مہم پورے ملک میں بھر پور جذبے سے جاری رہے گی اوراس سلسلے میں سکیورٹی کو مزید بہتر بنایاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز کے علاقوں میں پولیو ورکرز اور ان کے ساتھ تعاون کرنے والے سیکورٹی افراد کی ہمت و حوصلے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔حافظ طاہر اشرفی نے واقعہ میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کیلئے مغفرت کی دعا کی۔
پاکستان دشمن قوتیں نہیں چاہتی پاکستان میں پولیو کا مکمل خاتمہ ہو: حافظ طاہر اشرفی
















