پی ٹی آئی سمیت کوئی بھی جماعت حکومت بنائے اقتدار منتقل کردیں گے،وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کوئی آپشن نہیں،پی ٹی آئی سمیت کوئی بھی جماعت حکومت بنائے اقتدار منتقل کردیں گے، پی ٹی آئی کے روپوش اراکین کو سرنڈر کرنے تک سیاسی سرگرمیوں میںقانونی رکاوٹوں کا سامنا ہوگا۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہاہوسکتا ہے فوجی ٹرائل کے نتائج آنیوالی حکومت کے دورانیے میں سامنے آئیں، 9 مئی واقعہ پر کارروائی ذمہ داروں کےخلاف ہونی چاہئے، نگران وزیراعظم کیلئے لیڈر آف دی ہاو¿س اور اپوزیشن لیڈر نے میرے نام پر اتفاق کیا ، سچی بات ہے سفارش آسمان سے آئی تھی،یقیناً مختلف اداروں سے میرے نام پر رائے ہو گی لیکن مجھے اطلاع شہباز شریف نے دی ،راجہ ریاض نے نہیں بتایا۔

انوار الحق کاکڑ نے کہانگران حکومت کے دور میں بھی 9مئی والوں کا فوجی ٹرائل ہوسکتا ہے، پوری پی ٹی آئی کو دشمن سمجھ کر برتاو کرنے کاارادہ نہیں، میری رائے میں پوری جماعت کی بجائے صرف ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہیے ،بہت سے لوگ روپوش ہیں،سرنڈر کرنے تک قانونی رکاوٹوں کا سامنا ہوگا، ریاست کا تقدس اشخاص سے بہت بڑا ہے،2013 اور 2018 میں پی ٹی آئی کو ووٹ دیا تھا،خیالات بدل گئے اب پی ٹی آئی کو ووٹ نہیں دوں گا ،ملک میں کئی جماعتوں کوموقع ملا مگر گورننس چیلنجز حل نہیں کرسکے، پی ٹی آئی کو ووٹ گورننس چیلنجز حل کرنے کی امید پر دیا تھا۔

نگران وزیراعظم نے کہا ہم تیار ہوں یا نہ ہوں فیصلہ عوام کو کرنا ہے، پی ٹی آئی سمیت کوئی بھی جماعت حکومت بنائے اقتدار منتقل کردیں گے اورکوئی آپشن نہیں ،میرے پاس کوئی اطلاعات نہیں جس کی بنیاد پر رائے قائم کر سکوں عمران خان 9مئی کے ماسٹر مائنڈ تھے، رائے قائم کرنے سے قبل سمجھتا ہوں عدالتی عمل ہے ،انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر جزا ،سزا کا تعین نہیں کر سکتے، نگراں حکومت ملکی بہتری کےلئے اقدامات کررہی ہے ،عوام انتخابات میں اپنے نمائندے منتخب کریں گے جس طرح ریاست کے اداروں سے مڈبھیڑ کی گئی لگ رہا ہے سیاسی شعور میں کمی ہے۔

کیا مقتدرہ اور نگران حکومت پہلے ہی نواز شریف کو اقتدار میں لانے کا فیصلہ کر چکے کے سوال پر انوار الحق کاکڑ نے کہامیرے علم میں تو ایسا کوئی فیصلہ نہیں نہ ہی ایسی کوئی گفت و شنید سامنے آئی،الیکشن ہونے ہیں اور 8 فروری کی شام یا 9 کی صبح تک پتہ چل جائے گا عوام نے کس کے حق میں فیصلہ دیا ،قیاس آرائیاں دم توڑ جائیں گی۔