آئی ٹی ایکسپرٹس کو پاکستان کی طرف راغب کیاجائے،وزیراعظم

اسلام آباد (بیورورپورٹ)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے آئی ٹی شعبہ ملکی معیشت میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے، حکومت شعبے میں بیرونی سرمایہ کاری کےلئے اقدامات اٹھا رہی ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرز کے پانچویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم نے کہا پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی کی بے حد استعداد موجود ہے،آئی ٹی کی ترقی ،ترویج کےلئے دنیا بھر سے آئی ٹی ماہرین کو راغب کرنے کےلئے ضروری پالیسیاں بنائی جائیں،اجلاس نے سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرز کے چوتھے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق ،سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرز کی بجٹ ،فنانس، آڈٹ و ٹیکنیکل کمیٹیوں کی تشکیل نو ،لائسنسنگ فریم ورک، اتھارٹی پروسیجرز اور فیس ریگولیشنز کے مسودات کو ٹیکنیکل کمیٹی کے سامنے پیش کرنے کی منظوری دےدی۔

دریں اثنا نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے ریزیلیئنٹ پاکستان کتاب کی مصنفہ حیا فاطمہ سہگل نے ملاقات کی،مصنفہ کی کتاب میں ثقافتی مسائل، انتہا پسندی سے نمٹنے اور موسمیاتی تبدیلی جیسے موضوعات کا احاطہ کیا گیا ،کتاب کا ایک حصہ ملک کی خدمت کےلئے اپنی زندگیاں وقف کرنےوالوں کیلئے مختص ہے۔