ہاتھوں پر ”کبوتر“ رکھنے والوں کیلئے ”شاہین“ میدان میں آیا: فردوس عاشق اعوان

سیالکوٹ (مشرق نیوز) استحکام پاکستان پارٹی کی رہنما ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ہاتھوں پر کبوتر رکھنے والوں کیلئے شاہین میدان میں آیا ہے۔ جمعہ کے روز آئی پی پی رہنما فردوس عاشق اعوان نے آر او آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کچہری میں بڑے بڑے نوسر باز کاغذات نامزدگی جمع کروانے آئے ہیں، ہم عوامی لوگ ہیں عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ استحکام پاکستان کا منشور ملک سے وفا داری ہے، وقت آچکا ہے ہم اس ملک کو مضبوط کریں، 5 فیصد اشرافیہ نے 95 فیصد عوام کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ آئی پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ آج کا نوجوان قائد اعظم اور علامہ اقبال کے پاکستان کا متلاشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست تھانے اور کچہری سے نہیں جڑی، سیاسی جماعتوں کا مقابلہ سیاسی طریقے سے کریں گے، ہمارا مقابلہ 9 مئی والوں سے ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے مختلف سیاسی پارٹیوں سے بات چیت چل رہی ہے، پارٹی کی لیڈر شپ ختمی فیصلہ کریگی۔