الیکشن میں تاخیر کے تمام دروازے بند، انتخابی شیڈول کے بعد حلقہ بندیوں پر اعتراض نہیں اٹھایا جاسکتا،سپریم کورٹ


اسلام آباد (بیورو رپورٹ) الیکشن میں تاخیر کے تمام دروازے بند، سپریم کورٹ نے بلوچستان ہائیکورٹ کا حلقہ بندیوں کا فیصلہ کالعدم دےدیا۔

قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے فیصلہ سنایا۔ سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف الیکشن کمیشن کی اپیل منظور کرتے ہوئے بلوچستان ہائیکورٹ کا حلقہ بندیوں کیخلاف فیصلہ کالعدم قرار دیا۔

عدالت عظمیٰ نے کہا کہ انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد حلقہ بندیوں پر اعتراض نہیں اٹھایا جاسکتا۔ قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود نے ریمارکس دئیے سمجھ نہیں آتی سارے کیوں چاہتے ہیں انتخابات میں تاخیر ہو؟ ملک میں الیکشن ہو لینے دیں۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا الیکشن کمیشن کا قانونی اختیار ہائیکورٹ کیسے استعمال کرسکتی ہے؟ جسٹس منصور علی شاہ نے کہا الیکشن پروگرام آنے کے بعد حلقہ بندیوں پرتمام مقدمہ بازی غیرموثر ہوچکی، کسی شخص کو ریلیف دینے کیلئے پورا انتخابی عمل متاثر نہیں کیا جاسکتا، ہمیں لکیر کھینچ کر حد مقرر کرنی ہے۔ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا درخواست پر فیصلہ دیا تو سپریم کورٹ میں درخواستوں کا سیلاب آجائیگا۔ جب الیکشن شیڈول جاری ہوجائے تو سب کچھ رک جاتا ہے، الیکشن کمیشن کا سب سے بڑا امتحان ہے، 8 فروری کے انتخابات شفاف ہوں۔