غزہ کے لوگ ہمارے انتظار میں ہیں،کیا اقتدار کیلئے پاکستان میں 2 ہی خاندان رہ گئے ہیں؟ سراج الحق

بہاولپور(بیورورپورٹ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے استفسار کیا ہے کیا پاکستان میں اقتدار کیلئے صرف 2 ہی خاندان رہ گئے ہیں؟،بہاولپور میں خواتین ورکرز کنونشن سے خطاب میں سراج الحق نے کہا11کروڑ عوام خط غربت کے نیچے رہ رہے ہیں، اس کے ذمے دار آصف علی زرداری اور نواز شریف ہیں،جماعت اسلامی پاکستان میں صرف اور صرف اسلامی نظام کا نفاذ چاہتی ہے، پوچھتا ہوں کیا ملک میں اقتدار کےلئے صرف یہی دو خاندان رہ گئے ہیں؟،امیر جماعت اسلامی نے کہااسرائیل بمباری کرکے موت بانٹ رہا ہے، غزہ کے لوگ ہمارے انتظار میں ہیں، عافیہ صدیقی کی رہائی کےلئے آصف علی زرداری اور نواز شریف نے کچھ بھی نہیں کیا،عافیہ کےلئے بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے بھی کچھ نہیں کیا، جماعت اسلامی اقتدار میں آئی تو عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے فوری اقدامات کرے گی، فلسطینیوں کو نہ اسرائیل شکست دے سکتا ہے نہ ہی امریکہ۔