ہیلتھ کارڈ ختم کرنے کی افواہیں بے بنیادہیں: ڈاکٹر ندیم جان

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر صحت نے ہیلتھ کارڈ کے ختم کئے جانے کے حوالے سے افواہوں کو رد کردیا ، وفاقی صحت سہولت کے جائزہ اجلاس میں وزیر صحت نے کہا ہے کہ صحت سہولت پروگرام بند نہیں کیا جارہا پروگرام بلا تعطل جاری ہے اور رہیگا۔وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے وفاقی صحت سہولت پروگرام کی سٹیرنگ کمیٹی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ صحت سہولت کی بندش کے حوالے سے خبروں میں صداقت نہیں یہ پروگرام بلا تعطل جاری ہے اور رہیگا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ کارڈ نے پروگرام کو درپیش چیلنجز اور کارکردگی پر بریفننگ دی ، وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ ہم صحت سہولت پروگرام کو بہتر بنانے چاہتے ہیں اور ایسامربوط اور موثر پروگرام بنا رہے ہیں جسے آنے والی حکومتیں موثر انداز میں چلا سکیں۔ دریں اثناءنگران وفاقی وزیر صحت نے کہاہے کہ جان بچانے والی ادویات کی بلاتعطل فراہمی کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں۔ جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن بورڈ نے انسولین کی مزید 5 پروڈکٹس، ہائی پیرین اور فلو ویکسین کی ایک ایک پروڈکٹ کی منظوری دیدی ہے جس سے مارکیٹ میں ان ادویات کی دستیابی کا سلسلہ مزید بہتر ہوجائیگا۔انہوں نے کہا کہ جان بچانے والی ادویات کی بلاتعطل فراہمی کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کو یقینی بنارہا ہوں اور ادویات کی رجسٹریشن کو فاسٹ ٹریک پر ڈالنا اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔