کراچی (بیورو رپورٹ) پاک بحریہ کے پانچویں اے ٹی آر کی شمولیت کی تقریب نیول ایوی ایشن بیس پی این ایس مہران، کراچی میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ پی آئی اے سے حاصل کیا گیا اے ٹی آر طیارہ دن اور رات میں پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ جہاز فیری، لاجسٹک سپورٹ، میڈیکل اویکویشن، جنرل اویکویشن اور تربیتی مشنز سرانجام دے سکتا ہے۔ پاک بحریہ مختلف ذرائع سے اے ٹی آر طیارے حاصل کرنے کے عمل میں ہے اور سمندری نگرانی اور اینٹی سب میرین جنگی مشنز کو سر انجام دینے کیلئے ان میں جدید تبدیلیاں کر رہی ہے۔ بنیادی طور پر کمرشل نوعیت کا طیارہ ہونے کے باعث اس جہاز کی آپریٹنگ لاگت خصوصی طور پر تیار کردہ عسکری طیاروں سے کم ہوتی ہے۔ اس سلسلے کا یہ پانچواں طیارہ ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے خطہ بحر ہند میں تبدیل ہوتے جیو سٹرٹیجک ماحول کی اہمیت کو اجاگر کیا اور ابھرتے ہوئے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے ایک طاقتور بحری قوت کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں ابھرتے ہوئے بحری چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مضبوط بحریہ انتہائی اہم ہے، نئے پٹرول ایئر کرافٹ کی شمولیت سے پاک بحریہ کی جنگ اور امن کے دوران سمندری نگرانی کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ خطے میں ابھرتے ہوئے بحری چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مضبوط بحریہ انتہائی اہم ہے۔ انہوںنے کہاکہ نئے پٹرول ایئر کرافٹ کی شمولیت سے پاک بحریہ کی جنگ اور امن کے دوران سمندری نگرانی کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ امیرالبحر نے پاکستان کیلئے مضبوط بحری دفاع کی اہمیت کو اجاگر کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ جدید طیاروں کی شمولیت سے ہماری بحری دفاعی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ قبل ازیں اپنے استقبالیہ خطاب کے دوران کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل فیصل عباسی نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ اے ٹی آر طیارے کی شمولیت سے مغربی سمندری حدود سے لاجسٹکس کی ترسیل اور افراد کی نقل و حمل سے متواتر آپریشنز کو یقینی بنایا جائیگا۔ بعد ازاں چیف آف دی نیول سٹاف نے طیارے کی دستاویزات کمانڈر پاکستان فلیٹ کے سپرد کیں۔ تقریب میں فلیگ آفیسرز، پاک بحریہ کے سابق ایویٹرز اور پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے نمائندوں نے شرکت کی۔
جدید میری ٹائم پٹرول اے ٹی آر ہوائی جہاز بحریہ کے فضائی بیڑے میں شامل
















