دہشتگردوں کو امن تباہ نہیں کرنے دینگے،جنگ جاری رہے گی،وزیراعظم

اسلام آباد (بیورورپورٹ)نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے پشاور میں وارسک روڈ پر دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا دہشتگردوں کے امن تباہ کرنے کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے،دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے،واقعہ کے ذمہ داروں کی جلد از جلد نشاندہی کرکے قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

دریں اثنا نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے داو¿دی بوہرہ برادری کے روحانی پیشوا ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین نے ملاقات کی ،بوہرہ برادری کا 8رکنی وفد بھی ہمراہ تھا،وزیر اعظم نے ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے بوہرہ برادری کے ملکی ترقی میں کردار کو سراہا۔

انوار الحق کاکڑ نے کہاحکومت ،عوام بوہرہ برادری کی پاکستان کیلئے خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے پوری عالم انسانیت کو معدومیت کا خطرہ لاحق ہے، مذہبی پیشواوں کو اپنی تعلیمات میں اہم موضوع پر تسلسل سے بات کرنی چاہیے۔

مزید برآںوزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت ملک میں طبی تعلیم و مریضوں کی دیکھ بھال میں اصلاحات کےلئے تشکیل شدہ ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا،وزیر اعظم نے ہدایت کی پاکستان میں طبی تعلیم کو ہم عصر تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے،افرادی قوت کی عالمی مارکیٹ میں صحت کے شعبے کے ماہرین کی مانگ پوری کرنے کےلئے شعبہ صحت میں اصلاحات لائی جائیں،نرسنگ انتہائی اہم شعبہ ہے،ترقی کیلئے مزید توجہ کی ضرورت ہے۔