کوئٹہ (مشرق نیوز) بلوچستان کے نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ افغان طالبان اب بھی پاکستان کے ساتھ ڈبل گیم جاری رکھے ہوئے ہیں، پاکستان نےافغان طالبان کے سامنے اپنے مطالبات رکھ دیے ہیں، مطالبات کی منظوری تک ہر حد تک جانے کیلئے تیار ہیں۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جان اچکزئی نے کہا کہ کوئی بھی ریاست اپنے لوگوں پر دہشت گرد حملوں کی اجازت نہیں دے سکتی، پاکستان بار بار افغان طالبان سے پاکستان کی سرزمین پر دہشت گردی میں ملوث دہشت گردوں کی حوالگی کا مطالبہ کر رہا ہے لیکن افغان طالبان ابھی بھی پاکستان کے ساتھ ڈبل گیم جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بنوں میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ میں افغان کارڈ رکھنے والے دہشت گرد نے ثابت کردیا ہے کہ پاکستان میں غیر قانونی تارکین کے ساتھ تذکرہ یا افغان شناختی کارڈ رکھنے والے تارکین وطن بھی مستقل سکیورٹی رسک ہیں اسلئے تذکرہ رکھنے والے افغان تارکین وطن کو بھی واپس جانا پڑیگا۔
ان کا کہنا تھا کہ اب تک تقریباً ایک لاکھ 40 ہزار غیرقانونی غیرملکی اپنے ملک واپس جا چکے ہیں، پاسپورٹ کے بغیر کسی بھی افغان کو پاکستان میں گھسنے نہیں دیا جائیگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت چمن میں دھرنے کو پی ٹی ایم نے ہائی جیک کرلیا ہے، ریاست چمن دھرنے میں پاکستان مخالف نعرے لگانے والوں کو کچل دے گی، سی ٹی ڈی بلوچستان میں دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کیلئے بھرپور کارروائی کر رہی ہے، دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو نہیں چھوڑا جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ تربت میں سیاسی ٹھیکیداروں نے کبھی بھی غریب مزدوروں کے قتل عام کی مذمت نہیں کی، ریاست پر حملہ اور دہشت گردوں کیلئے کوئی رحم نہیں ہے، بلوچستان کو غیرقانونی تارکین وطن، سمگلنگ اور حوالہ ہنڈی کے کاروبار سے پاک کیا جائیگا۔
نگران صوبائی وزیر اطلاعات بلوچستان کا کہنا تھا کہ صوبہ سرمایہ کاری کیلئے اس خطے کا دوسرا سنگارپور بنے گا، یواے ای کے ساتھ 25 ارب کی ڈالر کی سرمایہ کاری کی یاداشتوں میں بلوچستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری بھی شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ سرمایہ کاری آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی کاوشوں کی مرہون منت ہے۔
افغان طالبان پاکستان کے ساتھ ڈبل گیم کررہے ہیں:وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی
















