محسن سپیڈ، اکبر چوک فلائی اوورز کا بھی افتتاح ،ریلیف مشن ہے،وزیراعلیٰ

لاہور،رحیم یار خان،ڈی جی خان(خبر نگار،بیورورپورٹ)محسن سپیڈ، لاہور کا چوتھا میگا منصوبہ مولانا علی جوہر( اکبر چوک) فلائی اوورز بھی مقررہ مدت سے پہلے مکمل،وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا،فلائی اوورز کو 10ماہ کی بجائے 7ماہ سے بھی کم مدت میں مکمل کیاگیا،کنٹریکٹ کے مطابق منصوبے کی مدت تکمیل 10 ماہ مقررکی گئی،رواں سال ہونے والی شدید بارشوں کے باوجود منصوبے کو مدت تکمیل سے پہلے ٹریفک کےلئے کھول دیا گیا ۔

مولانا علی جوہر پر2.2کلو میٹر کے فلائی اوورز اور10 پروٹیکٹیڈ یو ٹرنز بنائے گئے ہیں،عام ٹریفک کےلئے بننے والا سب سے طویل فلائی اوورز ہیں، منصوبے کی تکمیل سے وحدت روڈ تا پیکو روڈ سگنل فری کوریڈور بن گیا ،اکبر چوک، شوک چوک، جناح ہسپتال،ماڈل ٹاون لنک روڈ،کچاجیل روڈ،پیکو روڈ اور مادرملت سمیت 10 مقامات پر پروٹیکٹیڈ یوٹرن بنادئیے۔

قبل ازیں بیدیاں ا نڈرپاس، شاہدرہ فلائی اوورز اور کیولری انڈرپاس کو ریکارڈ مدت میں مکمل کر کے ٹریفک کیلئے کھولا جا چکا،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا یومیہ تقریباً اڑھائی لاکھ گاڑیوں کوآمدورفت میں آسانی ہوگی، کالج روڈ کی ری ماڈلنگ منصوبے کا آغاز کر دیا ،منصوبے میں تبدیلی کرکے قیمتی درختوں کو بچایا گیا،ایک درخت بھی نہیں کاٹا گیا بلکہ 285 درختوں کو محفوظ بنایا،منصوبے کے اطراف میں 300نئے درخت بھی لگائے ،2.2کلومیٹر کا فلائی اوورز مبارک ہوکیونکہ یہ 2برج ہیں،مولانا علی جوہر فلائی اوورز تعمیر کرنے کیلئے7ماہ سے بھی کم عرصہ لگاکیونکہ ڈیڑھ ماہ کورٹ سٹے آرڈررہا۔

فلائی اوورزکے ڈیزائن میں درخت کاٹنے پڑتے،درخت کاٹے بغیرنیا ڈیزائن تیارکرنے میں تقریباً15دن لگ گئے،ایل ڈی اے کی ٹیم ،کنٹریکٹر نے دن رات محنت کی،مولانا علی جوہر فلائی اوور زمشکل تھا کیونکہ آبادی کے درمیان تھا،فلائی اوورز شہر کے 7سے 8بڑے علاقوں کیلئے سہولت مہیا کرے گا،مولانا علی جوہر فلائی اوورزپیکو روڈ سے شروع ہوکر نہرتک سگنل فری کوریڈور ہے،فلائی اوور زمیں10یوٹرنزاور2 برج ہیں،کالج روڈ پر کام شروع ہوچکا ،آئندہ چنددنوں میں مکمل ہوجائے گا۔

محسن نقوی نے کہاٹیم کے ہمراہ کچے کا دورہ کیا،کچے کے علاقے میں3پولیس اہلکارشہید ہوئے ،ایک شہید کا جنازہ ادا کیا،شہدا کے اہلخانہ سے ملاقات کی،کچہ آپریشن میں پنجاب پولیس کی 2اے پی سی تباہ ہوئیں،جہاں حملہ ہوا اس کے چاروں اطراف سندھ ہے،صرف ایک جزیرہ نماپنجاب کا ہے،70سے80ڈاکووں نے حملہ کیاہمارے 19جوان تھے جنہو ں نے کئی گھنٹے مقابلہ کر کے ڈاکووں کو مارااوربھگادیا۔

وزیراعلیٰ نے کہاہیلتھ ،روڈ سیکٹرودیگر سارے پراجیکٹس مکمل ہونے کاکریڈٹ کسی ایک بندے نہیںپوری ٹیم کو جاتا ہے،ہر بندہ پراجیکٹس کی تکمیل کیلئے اپنا حصہ ڈال رہا ہے،پراجیکٹس وقت پر مکمل ہورہے ہیں ،تو کریڈٹ صرف مجھے نہیں ساری ٹیم کو جاتا ہے،اخبار میں تصویریں چھپوانے کا شوق نہیں،اللہ کی رضا کیلئے سب کررہے ہیں،میر ایقین ہے جب آپ محنت کرتے ہیں تو لوگوں کو محنت نظر آتی ہے،محسن نقوی نے کہاکسی کو کریڈٹ نہیں چاہیے،کوئی الیکشن نہیں لڑنانہ ووٹ مانگنا ہے،ذاتی تشہیرکی کوئی خواہش نہیں بس عوام کو ریلیف دینے کیلئے کوشاں ہیں،آئندہ دنوں میں باقی جاری پراجیکٹس مکمل ہوجائیںگے، دسمبر کے اختتام تک ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن مکمل ہوجائے گی،رحیم یارخان کے دوردراز علاقے میں محکمہ صحت اورتعمیر ومواصلات زبردست کام کررہے ہیں،40سے45سال جن ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن نہیں ہوئی ،دن رات محنت سے اپ گریڈ کرارہے ہیںجو لوگ یہاں بیٹھے ہیں یا اپنے دفاتر میں بیٹھ کر پراجیکٹس کیلئے کام کررہے ہیں سب کو مبارک دیتا ہوں،صوبائی وزرا منصورقادر،اظفر علی ناصر،بلال افضل،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ،کمشنر لاہورڈویژن ودیگر حکام بھی موجود تھے۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ نے ڈیرہ غازی خان میں انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی، وٹرنری ہسپتال اور لائیوسٹاک بزنس اینڈ انکوبیشن سینٹر کے دورے کئے،ڈیرہ غازی خان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی مکمل طور پر فنکشنل کرنے ،ڈاکٹروں، نرسوں ،پیرا میڈیکل سٹاف کی کمی کو فوری طور پر پورا کرنے کا حکم دیا۔

محسن نقوی نے بہاولپور ،ڈیرہ غازی خان میں پیداوار بڑھانے کےلئے لائیو سٹاک ایمرجنسی لگانے کا اعلان کرتے ہوئے لائیوسٹاک کی پیداوار بڑھانے کےلئے پلان فوری طلب کرلیا،وزیراعلیٰ صوبائی وزرا عامر میر ،ابراہیم مراد کے ہمراہ کارڈیالوجی آف انسٹیٹیوٹ کے بیسمنٹ، گراﺅنڈ ،فرسٹ فلور گئے،گیما کیمرہ ، سی ٹی سکین ،ایم آر آئی روم کا معائنہ کیا،ہسپتال کے کیفے ٹیریا، ویٹنگ ایریا اور سرائے کا بھی دورہ کیا،کارڈیالوجی او پی ڈی کا تفصیلی معائنہ کیا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہاڈیرہ غازی خان کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ سے جنوبی پنجاب کے مریض فیض یاب ہورہے ہیں،ڈیرہ غازی خان کارڈیالوجی میں بڑے شہروں کے برابر اور بہترین سہولتیں مہیا کرنے چاہتے ہیں، ہسپتالوں کو بہتر کرکے مریضوں کےلئے آسانیاں پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

بعدازاں وزیراعلیٰ نے وٹرنری ہسپتال ،لائیوسٹاک بزنس اینڈ انکوبیشن سینٹر کا دورہ کرکے الٹرا ساﺅنڈ بلاک میں بکری کے الٹراساﺅنڈ کے عمل کا مشاہدہ کیا ،بکری کے مالک سے ادارے میں دستیاب سہولتوں کاپوچھا، ہسپتال میں موجود رجسٹر ودیگر ریکارڈ بھی چیک کیا۔

محسن نقوی نے ہدایت کی لائیوسٹاک کی پیداوار 10گنا بڑھانے کےلئے 7روز میں پائیدارحکمت عملی مرتب کی جائے، متحدہ عرب امارات و دیگر ممالک میں لائیوسٹاک کی ڈیمانڈ بڑھ رہی ہے، یو اے ای کے حالیہ دورے کے دوران لائیوسٹاک پراڈکٹ کی ایکسپورٹ پر مذاکرات حوصلہ افزا رہے، پنجاب میں لائیوسٹاک کےلئے تمام ممکنہ اقدامات اور بہترین ویکسین ادویات ،انجکشن وغیرہ بھی فراہم کئے جائیں گے۔

مزید برآںوزیر اعلیٰ کی زیر صدارت رحیم یار خان ائیرپورٹ پر اہم اجلاس ہوا،کچے کے علاقے میں ڈاکووں کےخلاف جاری آپریشن کا جائزہ لیا گیا ،محسن نقوی نے کچے کے علاقے میں ڈاکووں کے مکمل خاتمے کےلئے گرینڈ آپریشن کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ڈاکووں کے سہولت کاروں کےخلاف بھی بلا امتیاز کارروائی کی جائے،کچے کے علاقے میں کاشت فصلوں کی فوری کٹائی کی جائے تاکہ شرپسندوں کو چھپنے کی جگہ نہ ملے۔

علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ محسن نقوی کچے میں ڈاکوﺅں کی فائرنگ سے زخمی اہلکاروں کاحوصلہ بڑھانے کےلئے شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان گئے،زخمی کانسٹیبل نوید اختر، جمیل احمد، عمران، عبد الرزاق، آصف او رسرور کی عیادت کی،فائرنگ سے زخمی کسان کی بھی خیریت پوچھی،زخمی پولیس اہلکاروں کا حوصلہ بڑھایا۔

محسن نقوی نے زخمی اہلکارو ں کے بہترین علاج معالجہ کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکچے میں ڈاکوﺅں سے مقابلہ کرنے والے پولیس افسر ،اہلکار حقیقی ہیرو ہیں،شہید و زخمی اہلکاروں کی قربانیوں کو یاد رکھا جائے گا،وزیراعلیٰ نے شیخ زید ہسپتال کے نئے کارڈیک سنٹر کامعائنہ کیا،کارڈیک سنٹر کی تعمیر پر یو اے ای کا شکریہ ادا کیا،محسن نقوی نے سی سی یو سے آفس باہر شفٹ کرنے ،نرسنگ ہاسٹل کی اپ گریڈیشن کاحکم دےدیا۔


وزیر اعلیٰ نے پولیس لائنز رحیم یار خان میں شہید کانسٹیبل غلام حسین کی نمازہ جنازہ میں شرکت کی،شہید کانسٹیبل غلام حسین کے والد سے ملے، دلی ہمدردی ،تعزیت کا اظہار کیا،محسن نقوی نے شہید کانسٹیبل غلام حسین کے والد کو دلاسہ دیا ،بلند حوصلے کو سراہا، وزیر اعلیٰ نے شہید کانسٹیبل غلام حسین کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاآپ کے بیٹے غلام حسین نے شہادت کا بلند رتبہ پایا ، قوم شہید کانسٹیبل غلام حسین کی لازوال قربانی کو سلام پیش کرتی ہے،پنجاب حکومت شہید غلام حسین کے خاندان کی ہر ممکن دیکھ بھال کرے گی،محسن نقوی شہیدکانسٹیبل قاسم اورارشاد کے اہلخانہ سے بھی ملے،مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

محسن نقوی نے کہاپنجاب پولیس کے دلیر جوانوں پر ناز ہے،افسروں ،جوانوں نے اپنے قیمتی لہو سے امن کی تاریخ رقم کردی۔

قبل ازیں وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے یو اے ای ،کویت کے دورے کے بعد لاہور واپسی کے فوری بعد رات گئے گھوڑا چوک فلائی اوور کا اچانک دورہ کر کے پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا ،فلائی اوور کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ،ترقیاتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا،محسن نقوی نے بغیر اطلاع پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ لیا ،رات کے وقت منصوبے پر کام کرنے والے مزدوروں کی تعداد کم تھی ۔

وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی نائٹ شفٹ میں لیبر فورس کی تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ منصوبہ وقت پر مکمل ہوسکے،گھوڑا چوک ڈیفنس موڑ فلائی اوور منصوبے کی تکمیل سے لاہور کا اہم کوریڈور مکمل ہوجائے گا،سنٹر پوائنٹ گلبرگ سے والٹن، کینٹ اور ڈیفنس جانے والی ٹریفک کو سگنل فری کوریڈور کی سہولت ملے گی۔

اپنے بیان میںنگران وزیراعلیٰ نے کہا قانون کو پس پشت ڈالنے والوں سے نمٹنے کا وقت آگیا ،محسن نقوی نے کہاکچھ دن پہلے واقعہ منظر عام پر آیا جس میں ایک شخص نے غلط طور پر میرا رشتہ دار ظاہر کرتے ہوئے بدتمیزی ،گالم گلوچ کا سہارا لیکر پولیس افسر سے غیر قانونی فیور مانگی یہ اس بات کی واضح یاد دہانی ہے قانون کو پس پشت ڈالنے کیلئے کس طرح اثر و رسوخ کا استعمال کیا جاتا ہے، اب وقت آگیا ہے ایسے معاملات سے چھٹکارا حاصل کیا جائے اور یقینی بنایا جائے انصاف غیر جانبدار ہو،وزیراعلیٰ نے کہالاہور پولیس کا ٹیسٹ کیس کو بہتر طریقے سے ہینڈل کرنا قابل تعریف ہے، واضح ہوگیا قانون سب پر یکساں لاگو ہوتا ہے۔