صوبوں میں قائم جوڈیشل اکیڈمیاں مصالحتی جج تیار کریں، یہ اچھا اقدام ہے : جسٹس اعجازالاحسن

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ صوبوں میں قائم جوڈیشل اکیڈمیاں مصالحتی جج تیار کریں یہ ایک اچھا اقدام ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس ٹاسک میں ہر ادارے سے مدد چاہتے ہیں، کورٹس کے علاوہ وزارت قانون اور خزانہ سے بھی ساتھ دینے کی خواہش ہے، سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے قائم کراچی میں مصالحتی سینٹرز نے اچھا رزلٹ دیا ہے۔ جسٹس اعجازالاحسن کہا کہ یہ جوڈیشری کا حصہ ہے جو کیسز کو کم کرنے میں مدد کرے گا، ترکی کے مصالحتی سینٹرز نے تین ملین کیسز حل کئے جو قابل ذکر ہیں، امید کرتے ہیں آنے والے وقت میں اچھا نتیجہ ملے گا اس اقدام کی وجہ سے، اسلام آباد ہائیکورٹ کو روزانہ کی بنیاد پر میڈیشن کے لائق کیسوں کو ریفر کرنا چاہئے۔ خطاب کرتے ہوئے جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ مصالحتی عمل میں حصہ لینے والے سب ججوں کی حوصلہ افزائی کروں گا، اسلام آباد ہائیکورٹ اس کو سنبھال رہا ہے، اس سینٹر کی ترقی دوسرے ہائیکورٹس کو بھی متاثر کرے کہ وہ بھی مصالحتی سینٹر پر کام کریں۔ دریں اثناء اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے مصالحتی مرکز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مصالحتی مراکز میں مسائل کو حل کرانے کیلئے مائنڈ سیٹ کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ ہم اب اس طرف بڑھ رہے ہیں کہ ججز، وکلا اور پبلک کا مائنڈ سیٹ تبدیل ہو، عام تاثر ہے کہ مصالحتی مرکز کے بعد وکلائ کی پریکٹس متاثر ہو گی، ایسا ہرگز نہیں، مصالحتی مرکز میں کیسز طے ہونے سے پبلک کو فائدہ ہو گا، یہ کم خرچ اور کم وقت طلب ہے۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ اگر مصالحتی مرکز میں مسئلہ حل نہیں ہوتا تو اس کے بعد عدالتیں تو بہرحال موجود ہیں، اسلام آباد ہائی کورٹ میں 18 ہزار اور ضلعی عدلیہ میں 50 ہزار کیسز زیر التوا ہیں، مصالحتی مرکز کے بعد عدالتوں پر کیسز کا بوجھ کم کرنے میں مدد ملے گی۔