لاہور( اپنے رپورٹر سے )نگران وفاقی وزیر اطلاعات،نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے پاکستان ٹیلی ویژن پاکستان کا مثبت امیج دنیا بھر میں اجاگر کرنے کےلئے بھرپور کر دار ادا کر رہا ہے ، میڈیا میں جدت کےلئے نئی ٹیکنالوجی اپنانا ہو گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن لاہور سینٹر کے دورہ اور پی ٹی وی کی 59ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ کیک کاٹنے کی تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ جی ایم پی ٹی وی لاہورسنٹر،قاری سید صداقت علی سمیت ملازمین و دیگربھی اس موقع پر موجود تھی۔وفاقی وزیر نے کہا پی ٹی وی قومی وحدت کی علامت اور ہم سب کی ثقافتی و سماجی پہچان کا مظہر ہے ، پاکستان ٹیلی ویژن کی پروقار نشریات کا 59سالہ سفر قومی تشخص اور درخشاں روایت کا امین ہے،پی ٹی وی کی سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت میرے لیے اعزاز کی بات ہے،مجھے خوشی ہے پاکستان ٹیلی ویژن آج اپنی 59ویں سالگرہ منا رہا ہے ،میں تمام ملازمین کو اس کی مبارکباد پیش کرتا ہوں،وفاقی وزیر نے کہامیرے لیے یہ بات بھی بہت خوشی کی ہے کہ آج ہم لاہور میں وہاں پر کھڑے ہیں جہاں59سال پہلے قریبی عمارت میں ایک ٹینٹ میں میرے استاد اسلم مرزا صاحب نے پی ٹی وی کی یہ ٹرانسمیشن شروع کرائی ،مجھے یقین ہے کہ وہ پی ٹی وی کے اس شاندار سفر پر مسکراتے ہوں گے، حکومت اداروں کی کارکردگی کو بڑھانے کےلئے اصلاحات کر رہی ہے،ہم نے پہلے ریڈیو پاکستان میں اصلاحات کی ہیں اب پورے انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں اصلاحات کرنے جا رہے ہیں تاکہ ان شعبوں کی کارکردگی کو مزید بڑھایا جا سکے،نگران وفاقی وزیر اطلاعات،نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی اور وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پی ٹی وی ملازمین کےساتھ مل کر 59ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا اور ان کو مبارکباد دی بعد ازاں نگران وفاقی وزیر اطلاعات اور وزیر اعلی پنجاب نے پی ٹی وی لاہور سنٹر کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا ۔
پی ٹی وی قومی وحدت کی علامت، میڈیا میں جدت کیلئے نئی ٹیکنالوجی اپنانا ہو گی:مرتضیٰ سولنگی

















