جنرل باجوہ اور فیض حمید کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست ہائیکورٹ کی کازلسٹ سے منسوخ

اسلام آباد (مشرق نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق آرمی چیف جنرل (ر)قمر جاوید باجوہ اور سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر)فیض حمید کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست کازلسٹ سے منسوخ کر دی۔

گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جاری مقدمات کی کاز لسٹ میں ریٹائرمنٹ کے بعد قانونی رکاوٹ توڑنے اور مختلف ایونٹس کو غلط بیان کرنے سے متعلق جنرل (ر)قمر جاوید باجوہ اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف اندراج مقدمہ سے متعلق درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کیا تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہری عاطف علی کی سابق آرمی چیف اور سابق ڈی جی آئی ایس آئی کے خلاف مقدمہ اندراج کی درخواست 28 نومبر کو سماعت کیلئے مقرر تھی۔ تاہم اب عدالت نے جنرل (ر)قمر جاوید باجوہ اور لیفٹیننٹ جنرل (ر)فیض حمید کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست کازلسٹ سے منسوخ کر دی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کی ویب سائٹ کے مطابق اس درخواست کی سماعت کو کینسل کرکے لسٹ سے نکال دیا گیا ہے۔ مقدمہ اندراج کی درخواست پر ہائیکورٹ نے ایف آئی اے، قمر جاوید باجوہ اور فیض حمید کے علاوہ صحافی جاوید چوہدری، شاہد میتلا، پیمرا اور پریس ایسوسی ایشن آف پاکستان کو بھی نوٹس کیا تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے 6 اکتوبرکو فریقین کو نوٹس ارسال کئے گئے تھے، فریقین کو 28 نومبر کی سماعت سے 3 دن قبل جواب اور اپنے دفاع میں دستاویزات جمع کرانے کی ہدایت تھی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے ابتدائی سماعت کے بعد فریقین کو نوٹس جاری کئے تھے۔