اسلام آباد(بیورورپورٹ)جسٹس سردار طارق مسعود کےخلاف شکایتی ریفرنس خارج،سپریم جوڈیشل کونسل نے متفقہ طور پر شکایت کو خارج کیا،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت سپریم جوڈیشل کونسل کے اجلاس میں جسٹس سردار طارق مسعود کےخلاف شکایت کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق جسٹس سردار طارق مسعود کےخلاف شکایت متفقہ طورپرخارج کردی گئی اور کونسل نے کہاآمنہ ملک کی شکایت میں کوئی ٹھوس بات سامنے نہیں آئی۔
اجلاس میں جسٹس مظاہر نقوی کیخلاف شکایات کا بھی جائزہ لیا گیا،کارروائی مکمل نہ ہوسکی،اجلاس بدھ کو 3بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
دریں اثنا آمنہ ملک نے عدالت کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہاسپریم جوڈیشل کونسل نے شکایت سنی، شکایت سننے کے بعد کہاآپ جا سکتی ہیں‘ علم نہیں میری شکایت پر کیا حکم جاری کیا گیا۔
دوسری جانب جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے اپنے خلاف ریفرنس کے معاملے پر سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی سپریم کورٹ میں چیلنج کردی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا16فروری سے تضحیک آمیز مہم کا سامنا کر رہا ہوں، میرے خلاف میڈیا ٹرائل ہو رہا ہے، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ صدارتی ریفرنس کیس میں اصول طے کیا گیا جج کو شفاف ٹرائل کا حق ملنا چاہیے، سپریم جوڈیشل کونسل کا مجھے شوکاز نوٹس جاری کرنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے،27 اکتوبر کو پریس ریلیز جاری کر کے میرے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی گئی،پریس ریلیز جاری کرنے سے میرا میڈیا ٹرائل ہوا،سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی کو بدنیتی پر مشتمل قرار دےکر کالعدم قرار دیا جائے،ظاہر کئے گئے اثاثے جج کیخلاف کارروائی کی بنیاد نہیں بن سکتے، ٹیکس حکام کی جانب سے اثاثوں پر کبھی کوئی نوٹس نہیں آیا، میرے خلاف شروع کی گئی مہم عدلیہ پر حملہ ہے،جسٹس مظاہر نقوی نے عدالت عظمیٰ سے درخواست کی سپریم جوڈیشل کونسل کا آئندہ کارروائی کےلئے موصول نوٹس بھی غیر قانونی قرار دیا جائے۔
طارق مسعود کےخلاف شکایت خارج،جسٹس مظاہر نے کارروائی چیلنج کردی
















