آشیانہ اقبال ریفرنس،شہباز شریف ،احد چیمہ،فواد حسن فواد سمیت تمام 10افراد بری

لاہور (کورٹ رپورٹر،خبر نگار)احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال ریفرنس میں سابق وزیر اعظم و صدر ن لیگ شہباز شریف، نگران وفاقی وزیر فواد حسن فواد اور نگران وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ سمیت 10 افراد کو بری کر دیا۔

احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال ریفرنس میں شہباز شریف سمیت دیگر10افراد کی بریت درخواستوں پر سماعت کی، اٹارنی جنرل ، نیب نے اپنی رپورٹس پیش کیں، نیب پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا سپریم کورٹ کا فیصلہ موجودہ کیس پر اثرانداز نہیں ہوتا،عدالت نے کہا بریت درخواستوں پر 2 گھنٹے تک فیصلہ دوں گا۔

بعد ازاں احتساب عدالت نے شہباز شریف سمیت دیگر 10 افراد فواد چودھری ،احد چیمہ ،امتیاز حیدر ،بلال قدوی، شاہد محمود ، منیر ضیا ،علی ساجد ،چودھری صدیق ،شاہد شفیق ،ندیم ضیا ،کامران کیانی اور خالد حسین کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے بری کردیا۔

نگران وزیراعظم کے مشیر اور ایل ڈی اے کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاآزمائش سے سرخرو ہوئے،مجھے وعدہ معاف گواہ بننے کا کہا گیا،عوام کے روئیے کی وجہ سے استعفیٰ دیا، ملازمت میں واپس نہیں جاﺅں گا مگر عوامی خدمت جاری رکھوں گا۔

دوسری جانب شہباز شریف کی آشیانہ اقبال ریفرنس میں بریت پر لیگی رہنماﺅں ،کارکنوں نے اظہار تشکر کرتے ہوئے جشن منایا ،مٹھائیاں تقسیم کی گئیں،ن لیگ کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاشہباز شریف کی بریت پر پورے پاکستان، پارٹی قیادت اور کارکنوں کو مبارک ہو،احتساب کے نام پر انتقام لیا گیا،جھوٹے مقدمات میں بریت شہبازشریف کے صبر کا انعام ہے۔