اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپریم کورٹ نے ٹرائل کورٹس کو نیب ریفرنسز پر حتمی فیصلے سے روکدیا اور ریمارکس دئیے کوئی بھی ملزم ٹرائل کورٹ سے ضمانت لینے کا حقدار بھی ہوگا، نیب ترامیم کیس پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس کے تفصیلی فیصلے سے مشروط ہے۔
نیب ترامیم کے فیصلے کےخلاف انٹرا کورٹ اپیل پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ نے سماعت کی۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سوال کیا کیا تمام نیب ترامیم کالعدم ہوئیں؟ معاون وکیل سعد ہاشمی نے جواب دیاپہلی اور دوسری ترامیم کی کچھ شقیں کالعدم قرار دی گئیں۔
وکیل فاروق نائیک نے کہا 25 مئی کو نیب قانون میں تیسری ترمیم بھی ہوئی، تیسری نیب ترمیم کا اثر عدالتی فیصلے سے زائل ہوگیا ، عدالتی فیصلے سے تیسری نیب ترمیم غیرفعال ہوچکی۔ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا تیسری ترمیم کا جائزہ لئے بغیر پہلی 2 کالعدم کیسے ہوسکتی ہیں؟،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاعدالت نے ترامیم کالعدم قرار دینی تھیں تو تینوں کرتیں، تیسری ترمیم مئی میں آئی اس کے بعد بھی 6سماعتیں ہوئیں، تینوں نیب ترامیم کا آپس میں براہ راست تعلق ہے،اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے روسٹرم پر آکر کہا وفاق نے کیس میں مخدوم علی خان کو وکیل کیا تھا وہ بیرون ملک ہیں اور عدالت سے التوا کی درخواست کر چکے ہیں۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کیس میں تو دیگر درخواست گزار بھی ہیں،وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کیس میں فریق بننے کی درخواست کی ہے، میرے موکل زوہیب احمد صدیقی نیب ترامیم کے فیصلے سے متاثرہ ہیں۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا نیب ترامیم کیس کا اقلیتی فیصلہ بھی آ چکا، اپیل میں وفاقی حکومت نے ایک نکتہ پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کا اٹھایا ،مخدوم علی خان کے معاون وکیل سعد ہاشمی نے کہا نیب ترامیم کیس پر پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون لاگو ہوتا تھا، نیب ترامیم کیس میں بنچ ججز کی کمیٹی نے تشکیل نہیں دیا تھا۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کیا آپ اس نکتے کی پیروی کرنا چاہتے ہیں؟ اگر آپ کی دلیل مان لی گئی تو نیب ترامیم کے خلاف درخواستیں زیر التوا تصور ہوں گی، زیر التوا درخواست پر ازسر نو 5رکنی لارجر بنچ فیصلہ کرے گا،معاون وکیل سعد ہاشمی نے کہا پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون والا نکتہ پہلے بھی اٹھایا تھا،اٹارنی جنرل نے اپیلوں پر پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون لاگو ہونے کی حمایت کر دی۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا عدالت کو اس نکتے پر تکنیکی مسئلے کا بھی سامنا ہے، ابھی تک پریکٹس اینڈ پروسیجر کیس کا تفصیلی فیصلہ نہیں آیا، معلوم نہیں نمٹائے گئے مقدمات سے متعلق تفصیلی فیصلے میں کیا لکھا ہو گا، کیا مناسب نہیں ہو گاپہلے تفصیلی فیصلے کا انتظار کر لیا جائے؟ نیب ترامیم سے کیا صرف فاروق نائیک کے موکل ہی متاثرہ فریق ہیں باقی کوئی نہیں؟وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا نیب ترامیم سے بہت سے لوگ مستفید ہوئے۔
چیف جسٹس نے کہاکہنا درست نہیں نیب ترامیم سے کوئی مستفید ہوا، نیب ترامیم سے کوئی بری نہیں ہوا،صرف مقدمات کا فورم بدلا ، نیب ترامیم سے استغاثہ کے آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس ثابت کرنے کی شق بدلی،فاروق ایچ نائیک نے نیب ترامیم کیس کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا نیب ترامیم کا فیصلہ معطل کر دیں ورنہ کیس تاخیر کا شکار ہوا تو احتساب عدالت سے فیصلے آ جائیں گے۔چیف جسٹس نے کہا درخواست مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دئیے نیب ترامیم کیس کے فیصلے کو معطل نہیں کریں گے، صرف احتساب عدالتوں کو حتمی فیصلہ کرنے سے روکیں گے، نیب ترامیم کے خلاف اپیل کو پریکٹس اینڈ پروسیجر کے تفصیلی فیصلے آنے کے بعد مقرر کریں گے۔
سپریم کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی، اٹارنی جنرل اور تمام ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹس جاری کرکے سماعت ملتوی کردی۔عدالتی حکم نامے میں کہا گیا تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد نیب ترامیم انٹرا کورٹ اپیل دوبارہ مقرر کیے جانے کا حکم دیا،عدالت کو آگاہ کیا گیا تیسری نیب ترمیم مئی میں آئی جبکہ فیصلے میں جائزہ نہیں لیا گیا، آگاہ کیا گیا تیسری نیب ترمیم کے بعد مقدمے کی 6سماعتیں ہوئیں ،تیسری ترمیم کے بعد ٹرائل کورٹس بھی کنفیوژن کا شکار ہیںکیسے آگے چلا جائے،حکم نامے میں مزید کہا گیا عدالتی حکم نامے کی کاپی جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی کو بھجوائی جائے،سپریم کورٹ نے کہاکیس کی آئندہ سماعت تک متعلقہ عدالتیں نیب کیسز کا حتمی فیصلہ نہ کرے، متعلقہ عدالتیں ٹرائل تو جاری رکھ سکتی ہیں مگر ٹرائل پر حتمی فیصلہ نہ دیں، کوئی ملزم ٹرائل کورٹ سے ضمانت لینے کا بھی حقدار ہوگا۔
نیب کیسز،سپریم کورٹ نے ٹرائل کورٹس کوحتمی فیصلے سے روکدیا
















