پاکستان ،ترکیہ کا فلسطین ، کشمیر پر یکساں موقف ہے: پرویز اشرف

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف نے کہا ہے کہ نواز شریف کی واپسی خوش آئند ہے۔ ایک انٹرویومیں راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ کسی کیلئے بھی ایسے حالات پیدا نہیں ہونے چاہئیں کہ وہ ملک چھوڑنے پر مجبور ہو جائے، بینظیر بھٹو کو بھی جلا وطنی کاسامنا کرنا پڑاتھا۔انہوں نے کہاکہ ہمیں سیاست میں کچھ آسانیاں پیدا کرنی ہوں گی، ہمیں برداشت ،ایک دوسرے کو سپیس دینا اور اچھی سیاست شروع کرنی چاہئے۔انہوںنے کہاکہ نوازشریف سابق وزیراعظم بھی رہ چکے ہیں،بطور سابق وزیراعظم کہیں جاتے ہیں تو سفارتی عملہ استقبال کرتا ہے، لیکن ہمیں سلوٹ نہیں کراچی میں بم پڑے تھے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ نوازشریف لمبا عرصہ گھر سے باہر رہے،گھر سے باہر رہنا بڑا مشکل ہوتا ہے، تمام سیاسی جماعتوں نے نوازشریف کی واپسی پر خوشی کااظہار کیا ہے۔ دریں اثناءسپیکر قومی اسمبلی نے جمہوریہ ترکیہ کے 100 سال مکمل ہونے پر ترکیہ کی عوام اور قیادت کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ، فلسطین اور کشمیر کے حوالے سے بھی یکساں موقف رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے گزشتہ صدی میں ترقی اور خوشحالی کی منازل تیزی سے طے کی ہیں، صدر رجب طیب اردوان کی باکمال قیادت نے ترکیہ کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ترکیہ دنیا کے منظر نامے پر اپنی مظبوط معیشت اور دو ٹوک موقف کی وجہ سے اہم اسلامی ملک تصور کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ یک جان دو قالب کی مانند ہیں، پاکستان اور ترکیہ کے مابین تاریخی دوستانہ تعلقات، باہمی احترام و اعتماد پر مبنی ہیں،ترکیہ اور پاکستان نے علاقائی اور عالمی فورمز پر ہمیشہ ایک دوسرے کے موقف کی تائید کی ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ، فلسطین اور کشمیر کے حوالے سے بھی یکساں موقف رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ملک ترکیہ کی مزید کامیابیوں اور کامرانیوں کیلئے دعا گو ہے۔