تین سو یونٹ مفت،موٹر سائیکل والوں کو آدھی قیمت پر پٹرول ملے گا،آئی پی پی کا منشور

خانیوال (بیورورپورٹ) استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے پیٹرن انچیف جہانگیر خان ترین اور صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے ملک میں 300 یونٹ سے کم استعمال کرنے والوں کےلئے بجلی مفت اور موٹر سائیکل والوں کو آدھی قیمت پرپٹرول ملے گا،خانیوال میں جلسے کے دوران علیم خان نے ن لیگ اور پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا 10 سال پہلے فیصلہ کیا تھا عوام کو باریاں لگانے والی جماعتوں کے چنگل سے نکالنا ہے، اسی لیے نئے پاکستان کےلئے چیئرمین پی ٹی آئی کی قیادت میں جدوجہد شروع کی لیکن پی ٹی آئی کی حکومت آنے کے بعد کرپشن اور لوٹ مار کا پاکستان بنایا گیا،رہنما استحکام پاکستان پارٹی نے کہا ہماری محنت کے نتیجے میں 2018 میں تحریک انصاف اقتدار میں آئی، بزدار پیسے لوٹتا تھا، فرح گوگی کس کےلئے کام کرتی تھیں؟ پنجاب میں 2 کروڑ میں ڈی سی اور 5 کروڑ روپے میں کمشنر لگتے تھے، عثمان بزدار کو بطور فرنٹ مین وزیر اعلیٰ بنایا گیا،علیم خان نے مزید کہا تبدیلی ایسے لائی گئی کہ ہم نے شہداءکے مجسموں کو گرتے دیکھا، ن لیگ 7 بار پنجاب میں آ چکی اور کہتے ہیں ہمیں اور موقع دیں، پیپلز پارٹی 15 سال سے سندھ میں ہے لیکن تھر کی صورتحال ابتر ہے،استحکام پاکستان پارٹی نے اپنا منشور جاری کردیا، پارٹی رہنما علیم خان نے کہا ساڑھے بارہ ایکڑ زرعی زمین والے کسان کے ٹیوب ویل کی بجلی مفت ہوگی، ویمن امپاورمنٹ کےلئے خواتین کو گھر بیٹھے روزگار ملے گا،علیم خان نے کہا کہ ہم آپ کےلئے غریب دوست منشور لےکر آئے ہیں، اگر جہانگیر خان نے وعدہ کیا ہے تو پورا ہوگا، ساڑھے12ایکڑ تک کسانوں کو زرعی اراضی کےلئے سولر پر مفت ٹیوب ویلز فراہم کرینگے، تمام یونین کونسل میں فلٹریشن پلانٹ لگائے جائیں گے، نوجوانوں کو بلا سود قرضہ ملے گا، تاکہ کوئی کام شروع کریں،انہوں نے کہا ہمارے منشور میں ہے 300 یونٹس کے صارفین کے بل حکومت ادا کرے گی، کچی آبادیوں کے لوگوں کو مالکانہ حقوق دیے جائیں گے، ہم وہ نظام لے کرآئیں گے جس میں حکومت غریب کےساتھ کھڑی نظر آئے گی، باریاں لینے والے چوروں کو اس بار گھر میں داخل نہیں ہونے دینا، ملک کو ان چوروں سے نجات دلائیں گے،رہنما استحکام پاکستان پارٹی نے کہاتمام یونین کونسل کی سطح پر پینے کے صاف پانی کے فلٹریشن پلانٹ لگائیں گے،نوجوانوں کو کاروبار کیلئے بلاسود قرضے دئیے جائیں گے، بے گھروں کو 3 مرلہ پلاٹ دیے جائیں گے، منشور ہے کہ سب سے کم اجرت 50 ہزار روپے ہوگی، جہانگیر ترین کی سربراہی میں ہم نے اپنا منشور تشکیل دیا ہے۔