ٹی ایل پی کو ریاست مخالف سرگرمیوں،ممنوعہ فنڈنگ میں کلین چٹ
اسلام آباد (بیورورپورٹ) الیکشن کمیشن نے تحریک لبیک (ٹی ایل پی) کو ریاست مخالف سرگرمیوں کے الزامات اور ممنوعہ فنڈنگ کیس میں کلین چٹ دےدی،فیض آباد دھرنا کیس میں الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلہ پر عملدر آمد رپورٹ جمع کرا دی جس میں تحریک لبیک کو ریاست مخالف سرگرمیوں کے الزامات اور فارن فنڈنگ کے الزامات پر کلین چٹ دےدی ہے،الیکشن کمیشن کی رپورٹ کے متن کے مطابق تحریک لبیک کے ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر وزارت داخلہ سے رپورٹ مانگی تھی جس میں کہا گیا ہے کہ تحریک لبیک ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث نہیں،ٹی ایل پی کے فنڈنگ ذرائع کا بھی جائزہ لیا گیا جس میں سکروٹنی کمیٹی رپورٹ کے مطابق تحریک لبیک کو 15 لاکھ ممنوعہ ذرائع سے موصول ہوئے، تحریک لبیک پارٹی کیلئے 15 لاکھ کی رقم آٹے میں نمک کے برابر ہے، تحریک لبیک کو وصول ہونےوالی چھوٹی رقم کو غیر ملکی فنڈنگ قرار نہیں دیا جا سکتا،الیکشن کمیشن کی جانب سے رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسا کوئی ثبوت نہیں کہ ٹی ایل پی ریاست مخالف جماعت ہے، انکوائری کے بعد تحریک لبیک کیخلاف نوٹس واپس لے لیا ہے، سپریم کورٹ فیض آباد دھرنا کیس کے فیصلہ پر عمل در آمد کر دیا، الیکشن کمیشن کو اپنی آئینی ذمہ داریوں کا مکمل ادارک ہے بعدازاں پیمرا نے بھی تحریری جواب سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا جس میں کہا ہے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کر دیا ہے، سپریم کورٹ کے تمام احکامات پر من و عن عمل کر چکے، تمام ٹی وی چینلز کو مذہبی معاملات نشر کرنے پر احتیاط برتنے کی ہدایت کی تھی،پیمرا نے اپنے جواب میں کہا ہے فیض آباد آپریشن کے دوران بھی ٹی وی چینلز کو لائیو کوریج سے منع کیا تھا، ہدایات کی خلاف ورزی پر ٹی وی چینلز کی نشریات بند کر دی تھیں، وفاقی حکومت کی ہدایت پر 24 گھنٹے بعد نشریات بحال کی گئیں، بعض صحافیوں نے دو نجی چینلز کی نشریات بندش کی شکایت کی تھی، پیمرا نے کسی نیوز چینل کو بند کرنے کی کوئی ایڈوائزری جاری نہیں کی تھی۔
















