انخلاءکا حتمی پلان تیار،غیر قانونی تارکین کو گرفتار کر کے ہولڈنگ سنٹرز میں رکھیں گے:حکومت
اسلام آباد (بیورورپورٹ) نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے غیرقانونی افراد کی نشاندہی ہوچکی ، غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے انخلا کیلئے حتمی پلان مرتب کر لیا گیا ہے،اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا غیرقانونی مقیم افراد کے انخلا کیلئے عارضی کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں، صوبائی حکومتیں غیر ملکی افراد کے انخلا کے اخراجات برداشت کررہی ہیں، ہولڈنگ سنٹرز میں میڈیکل سہولیات اور کھانا پینا فراہم کیا جائے گا، ہم نے ہولڈنگ سینٹرز بنا دیئے ہیں، غیر قانونی مقیم افراد کو وہاں سے واپس بھیجا جائے گا، بچوں، خواتین اور بزرگوں کو انتہائی احترام سے رکھا جائےگا، یکم نومبر کے بعد غیر قانونی مقیم افراد کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، جتنے بھی غیر قانونی شناختی کارڈ بنائے گئے اس پرنادرا دن رات کام کر رہا ہے، جنہوں نے غیر قانونی شناختی کارڈ بنائے ان کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی، ہمیں ڈی این اے کرانا پڑے یا کچھ بھی کرنا پڑے ہم کریں گے،نہوں نے کہا یہ بہت بڑا چیلنجنگ ٹاسک ہے، تمام صوبوں سے بات ہوگئی ہے وہ اپنی اپنی حدود میں سینٹرز بنائیں گے، جو قانونی طریقے سے یہاں آنا چاہتا ہے ہم اس کو ویلکم کریں گے، جن کا کوئی ٹریول ڈاکیومنٹ نہیں ان کے خلاف کارروائی کررہے ہیں، جس نے پاکستان میں آنا ہے وہ ویزہ لے اور پھر آئے، ہم احسان فراموش اور مہمان فراموش نہیں ہیں، محسنوں کو یاد رکھتے ہیں، بہت بڑی تعداد میں لوگ یہاں آئے ہوئے ہیں، یہ دنیا میں کہیں نہیں ہوتا کہ کوئی ٹریول کرنے کیلئے آتا ہے اور پتہ نہیں وہ کہاں سے کہاں چلا جاتا ہے، سیاسی پارٹیوں اور لیڈران کو تھریٹ موجود ہیں،انہوں نے کہا دو قسم کے غیر قانونی مقیم افراد ہیں، ایک وہ جن کا کوئی ڈاکیومنٹ نہیں، دوسرے وہ جنہوں نے رشوت دیکر نادرا سے شناختی کارڈ بنوائے، پہلے فیز میں غیر قانونی مقیم افراد کو یہاں سے نکالیں گے، کسی غیر قانونی مقیم کو اس ملک میں نہیں چھوڑا جائے گا،کسی قسم کی سمگلنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی،نگران وزیر داخلہ نے کہا ملک سے بے دخل کئے جانے والے شہریوں کے فی خاندان کو زیادہ سے زیادہ 50 ہزار نقد کرنسی اپنے ساتھ لے جانے کی اجازت ہوگی، افغانستان جانے والے ڈالر کی صورت میں کرنسی نہیں لے جا سکتے دوسری جانب ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ ا بلوچ نے میڈیا بریفنگ میں کہا غیر قانونی افغان مہاجرین کی واپسی کا فیصلہ سکیورٹی کی خاطر کیا،غیر قانونی افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے فیصلے پر افغانستان کی عبوری حکومت کو اعتماد میں لیاہے، غیر قانونی افغان تارکین وطن کو واپس بھیجنے کا فیصلہ ملک کی سیکورٹی اور معیشت کی خاطر کیا،انہوں نے کہا پالیسی صرف افغان شہریوں کےلئے نہیں بلکہ تمام ممالک کےلئے ہے، یکم نومبر سے غیر قانونی تارکین وطن کو ڈی پورٹ یا گرفتار کیا جائےگا، دوست ممالک سے افغان شہریوں کو اپنے ملک لے جانے کی درخواست کی ہے، وزارت داخلہ کی کلیئرنس کے بعد ان کو بھجوایا جائے گا۔
















