اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سانحہ 9 مئی میں ملوث سویلینز کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل شروع، وفاقی حکومت نے متفرق درخواست میں عدالت عظمیٰ کو آگاہ کردیا۔
متفرق درخواست میں کہا گیا سپریم کورٹ کے 3 اگست کے حکم نامے کی روشنی میں عدالت کو ٹرائلزکے آغاز سے مطلع کیا جا رہا ہے، فوجی تحویل میں لئے گئے افراد کوآرمی ایکٹ 1952 اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت گرفتارکیا گیا ، گرفتار افراد جی ایچ کیو راولپنڈی، کورکمانڈر ہاوس لاہور، پی اے ایف بیس میانوالی، آئی ایس آئی سول لائنز فیصل آباد پرحملے میں ملوث ہیں۔
درخواست کے مطابق گرفتار افراد حمزہ، بنوں اورگوجرانوالہ کیمپ پرحملے میں ملوث ہونے پرتحویل میں ہیں،حکومت نے کہا 9، 10 مئی واقعات کی روشنی میں 102 افرادکو گرفتار کیا، زیرحراست افراد کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کیا جا رہا ہے، ٹرائل کے دوران قصوروار ثابت نہ ہونیوالا بری ہوجائیگا اور فوجی عدالتوں میں ٹرائل سپریم کورٹ میں جاری مقدمے کے فیصلے سے مشروط ہوگا۔
حکومت نے مزید کہافوجی عدالتوں میں ٹرائل کے بعد قصوروار ثابت ہونےوالوں کو معمولی سزائیں ہوں گی، جرم کے مطابق قید کاٹنے والوں کو رہا کردیا جائےگا، فوجی ٹرائل کے بعد قانون کے مطابق سزاوں کےخلاف سزا یافتہ افراد متعلقہ فورم سے رجوع کرسکیں گے۔
دوسری جانب 9 مئی کے ذمہ داروں کا ملٹری ٹرائل معطل کرنے کی درخواست دائر کردی گئی، ملزم یاسر نواز کے بھائی شاہد نواز نے درخواست میں موقف اختیار کیا خدشہ ہے ملٹری کورٹس میں 9 مئی کے ملزموں کا ٹرائل شروع ہوچکا، سویلین کے ٹرائل کیلئے ملٹری کورٹس کا قیام غیرآئینی ہے، پرامن حالات میں سویلین کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل کا فیصلہ ہوا، سویلین کا ملٹری ٹرائل آئین میں دی گئی ضمانت کے منافی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ملزموں کی ملٹری اتھارٹی میں حراست، فوجی ٹرائل کا فیصلہ غیرآئینی قرار دیا جائے، آرمی ایکٹ کا سیکشن 2(1) (ڈی) (2) اور 59 ذیلی شق 4 کالعدم اور سپریم کورٹ کا فیصلہ ہونے تک فوجی عدالت میں ٹرائل کا فیصلہ معطل کیا جائے۔
دوسری جانب فوجی عدالتوں میں سویلینز ٹرائل کےخلاف کیس پر سماعت پیر کوسپریم کورٹ میں ہوگی۔ جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ ساڑھے 11 بجے سماعت کریگا۔ جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی اور جسٹس عائشہ ملک بنچ میں شامل ہیں۔
مزید برآں زیرحراست افراد کے لواحقین نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا، درخواست گزاروں کے مطابق فوجی عدالتوں کے مقدمے کے متاثرہ فریق ہیں لہٰذا سپریم کورٹ فریق بنائے، درخواست میں استدعا کی گئی سپریم کورٹ فریق بنا کر ملٹری اتھارٹی کو جلد ٹرائل مکمل کرنے کا حکم دے۔
سانحہ 9 مئی میں ملوث سویلینز کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل شروع
















