سی پیک کے نئے مرحلے میں تعاون بڑھائینگے،مرتضیٰ سولنگی،محبت کی راہداری بنے گی،چینی قونصلر

اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے چین کی پولیٹیکل قونصلر مس باﺅژونگ کی قیادت میں چائنیز میڈیا وفد نے ملاقات کی ،دونوں ممالک کے مین سٹریم میڈیا کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیاگیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماﺅں نے پی ٹی وی، ریڈیو پاکستان ،اے پی پی کے ذریعے پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبوں کو اجاگر کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے مشترکہ رپورٹنگ، میڈیا وفود کے تبادلوں میں عملی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا ۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہاپاکستان چینی صدر شی جن پنگ کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،بی آر آئی منصوبہ معاشی ترقی کے ذریعے امن و خوشحالی لانے کا مظہر ہے،معاشی ترقی کےلئے سی پیک کی مرکزیت و چین کےساتھ آہنی دوستی کے حوالے سے عوامی آگاہی پیدا کرنے میں میڈیا کا کردار ناگزیر ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہاپاکستان سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے نئے مرحلے میں چین کےساتھ مختلف شعبوں میں روابط و تعاون کو مضبوط بنائے گا،پاکستان چین کے ترقی کے تجربے سے استفادہ کا خواہاں ہے،غربت کے خاتمے، تحقیق و ترقی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، میڈیا و دیگر شعبوں میں چین کی کامیابیوں سے استفادہ کریں گے۔

چینی پولیٹکل قونصلر نے کہاسی پیک کو محبت کی راہداری بنایا جائے گا، پاکستان کے ساتھ میڈیا سمیت آئی ٹی، زراعت و صنعتی شعبے میں تعاون کو آگے بڑھائیں گے۔