لاہور ( خبر نگار،کرائم رپورٹر،ہیلتھ رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو 31 اکتوبر تک پنجاب چھوڑنے کا حکم دےدیا،محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس میں 9مئی واقعات میں ملوث ملزموں کےخلاف درج کیسز کے چالان پر پیشرفت اور صوبے میں غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے معاملے کا جائزہ لیا گیا۔
محسن نقوی نے واضح کیا غیر قانونی تارکین 31اکتوبر تک پنجاب چھوڑ دیں،ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد کریک ڈاون ہو گا۔
دریں اثناوزیراعلیٰ محسن نقوی سے لاہور میں تعینات ترکیہ کے قونصل جنرل درمش باشتو نے ملاقات کی ،باہمی دلچسپی کے امور،مختلف شعبوں مےں تعاون بڑھانے او ر دوطرفہ سرمایہ کاری کو فروغ دینے پرتبادلہ خےال کیا گیا۔
محسن نقوی نے کہا پاکستان ،ترکیہ کے عوام اخوت وبھائی چارے کی مضبوط لڑی میں بندھے ہوئے ہیں، لاہور ،استنبول سسٹر سٹیز معاہدے کے تحت تعلقات کو مزید فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے، ترکیہ کےساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں، ترکیہ کے سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کےلئے ہر ممکن سہولتیں دیںگے۔
وزیراعلیٰ نے قونصل جنرل کی جانب سے ری پبلک آف ترکیہ کے 100سالہ جشن کی تقریب میں شرکت کی دعوت قبول کرلی۔
مزید برآں چلڈرن ہسپتال کی میڈیکل ایمرجنسی کے گراونڈ فلور میں 48 گھنٹے کے اندر 36 بیڈز کا اضافہ کردیا گیا،وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے رات گئے چلڈرن ہسپتال اور علی الصبح تھانہ سمن آباد کا دورہ کیا،گراونڈ فلور پر میڈیکل ایمرجنسی، فرسٹ فلور پر نئے بچہ وارڈ اور زیر تعمیر ایمرجنسی کا معائنہ کیا،محسن نقوی نے میڈیکل ایمرجنسی میں بیڈز کی تعداد بڑھانے پر فوری عملدرآمد کے اقدام کی تعریف کی اور کہا ایمرجنسی میں بیڈز کی تعداد150تک بڑھائی جائے گی ،وزیر اعلیٰ نے زیر علاج بچوں کی عیادت کی اور ماﺅں سے فراہم کردہ سہولتوں کا پوچھا،طبی سہولیات بہتر بنانے کی ہدایات دیں۔
وزیراعلیٰ نے تھانہ سمن آباد کے دورے کے دوران تھانے کا ریکارڈ چیک اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا،سائلین سے ملاقات کی ،مسائل سنے، وزیراعلیٰ نے درخواستوں پربلا تاخیر ایف آئی آر کے اندراج کاحکم دیتے ہوئے کہاایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
ترکیہ کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں دینگے‘محسن نقوی

















